عمران خان کے حصے میں مایوسی و رسوائی کے سوا کچھ نہیں ہے‘پاکستان کے عوام نے عمران خان کے انتشار والے ایجنڈے کی بجائے ہمیشہ ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کو ترجیح دی

چوہدری محمدبرجیس طاہرکا شیخوپورہ میں گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 22 جنوری 2017 17:50

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ عمران خان کے حصے میں اپنے طرزعمل اور طریقہ سیاست کی وجہ سے مایوسی و رسوائی کے سوا کچھ نہیں ہے۔انہوںنے یہ بات آج ضلع شیخوپورہ کی تحصیل صفدر آباد کے نواحی قصبے تھوتھیا کلاں میں گیس کی فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کی سیاست کا تمام تر دارومدار سنی سنائی باتوں اور ناپختہ ذہین کی تخلیق شدہ ہیں اور اسی کم عقلی اور سیاسی نا سمجھی کی وجہ سے انہوں نے اپنی تمام سیاسی عمر اور خصوصاً پچھلے تین سال سے زائد کا عرصہ دھرنوں اور احتجاج کی نظر کر دیے ہیں۔انہوںکہا کہ 2013 ء کے انتخابات میں ناکامی کو تسلیم نہ کرنا اور بعد ازاں دھاندلی کے بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر پاکستان کی عوام کے ترقی وخوشحالی کے سفر کو دھرنوں اور محض احتجاج کے نظر کرنا اسی بچپنے کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو سیاست میں تقریباً دو دہائیاں گزر چکی ہیں او ر اگر اُن میں کوئی سیاسی سمجھ بوجھ ، تدبر اور سنجیدگی ہو تی تو اُن کو سیاست میں کافی حد تک کامیابی مل سکتی تھی ۔انہوں نے کہا کہ 2013 ء کے انتخابات میں ایک صوبے کے عوام نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا اور محمدنواز شریف کی مفاہتی سیاست کے باعث تحریک انصاف صوبہ خیبر پختونخواہ میں حکومت بنانے کے قابل ہوئی لیکن بدلے میں عمران خان نے اُس صوبے کے عوام کو مایوسی اور اندھیروں سے دوچار کیا۔

آج عمران خان کی سیاست سے خود اُن کے کارکنان سخت نالاں ہو چکے ہیں اور اُن کے سامنے عمران خان کی سیاست کے تمام پہلو بے نقاب ہو چکے ہیں۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے عمران خان کے انتشار پر مشتمل ایجنڈے کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور آج پاکستان کے طول وعرض میں محمدنوازشریف کے وژن اور ترقی وخوشحالی کے ایجنڈے کو بے حد سراہا جارہا ہے اس کا واضح ثبوت آزادکشمیر ، گلگت بلتستان کے انتخابات و دیگر ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کو ملنے والی واضح کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں عمران خان کا کردار ختم ہو چکا ہے اور پانامہ لیکس کے کیس میں ناکامی کے بعد عمران خان ک رہی سہی سیاست کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 2018 کے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گی اور پاکستان کو معاشی و دفاعی اعتبار سے دُنیا کا ایک مضبوط تر ملک بنانے کا اپنا مشن ضرور مکمل کرے گی۔

متعلقہ عنوان :

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں