مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتوں کی کارکردگی میں واضح فرق عوام کے سامنے ہے ،عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے اہداف مکمل کریں گے

وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر کا گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 21 فروری 2017 20:21

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 فروری2017ء) وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتوں کی کارکردگی میں واضح فرق عوام کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ آج حکومت کے ساڑھے تین سال کا عرصہ گزرنے کے بعد عوام خود اس امر کی گواہی دے رہے ہیں کہ ان تین سالوں میں پاکستان نے نہ صرف شاندار ترقی کا سفر طے کیا ہے بلکہ حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے حل اور زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کے اہداف کی بھی احسن طریقے سے حاصل کر رہی ہے ۔

وہ منگل کو ضلع ننکانہ کی تحصیل سانگلہ ہل کے نواحی قصبے جھوگیاں میں گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی کا کام پورے ملک میں زور وشور سے جاری ہے اور سست تا گوادر عظیم وشان ذرائع مواصلات کی ترقی سے ایک طرف پاکستان کے مختلف صوبوںمیں رہنے والے عوام ایک دوسرے کے قریب آ رہے ہیں جس سے قومی یکجہتی میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے جب کہ دوسری جانب معاشی ترقی کی ایک مستحکم بنیاد کی راہ بھی ہموار ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ حکومت ہر شعبے کی ترقی کے لیے بہترین حکمت عملی کے ساتھ عملی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن صوبوں میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے وہ صوبے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور اُن کے مسائل کے حل کے سلسلے میں دوسرے صوبوں سے کئی گنا آگے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ محمدنواز شریف کا وژن اور مسلم لیگ (ن) کی خلوص نیت سے اپنی فرائض کی ادائیگی ہے ۔انہوں نے کہا کہ افسوس اس امر کا ہے کہ تحریک انصاف جیسی جماعتیں جن کو عوام نے ووٹ اپنے مسائل کے حل کے لیے دیے، انہوں نے اپنی تمام تر توانائیاں مسلم لیگ (ن) کو اس کے ترقی کے ایجنڈے سے ڈی ریل کرنے میں صرف کردیں۔انہوںنے کہا کہ عمران خان اور اُن کی سیاسی جماعت اپنے دھرنوں اور احتجاج کی بدولت پاکستان کے خوشحالی کے سفر میں کچھ دیر تک روکاوٹ ڈالنے میں تو کامیاب ہوئے لیکن حکومت کے پختہ عزم کے باعث وہ حکومت کو ترقی وخوشحالی کے ایجنڈے سے ڈی ریل کرنے میں ناکام رہے۔

انہوںنے کہا کہ حکومت کی شاندارکارکردگی کا صلہ آج عوام کے اعتماد اور یقین کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اپنی باقی مائندہ مدت میں امن وامان ،توانائی اور معاشی ترقی کے تمام تر اہداف حاصل کر کے عوام کی عدالت میں ایک مرتبہ پھر سرخرو ہو گی اور مخالفین کو اپنے ذاتی ایجنڈوں کی تکمیل میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں