وزیر اعظم کی نارووال میں قومی صحت پروگرام کے اجراء کی تقریب سے خطاب کے دوران نام لئے بغیرتحریک انصاف پر کڑی تنقید ، بلاناغہ جھوٹ بولنے والے سیاستدان قرار دیدیا

گوشت کا ناغہ منگل اور بدھ کو ہوتا ہے مگر یہ سیاستدان جھوٹ بولنے میں ناغہ نہیں کرتے ، نوازشریف کے جملے پر شرکاء کی تالیاں ، قومی صحت پروگرام کوکامیاب بنانے پر وزیر اعظم اور وزیر قومی صحت کی مریم نواز کے کردار کی تعریف جلد ناروووال میں ایک سیاسی جلسہ کرینگے جس میں کھل کر سیاسی باتیں کی جائیں گی اور یہ جلسہ ایسا ہونا چاہیے جو یادگار ثابت ہو،وزیر اعظم تقریب میں پر اعتماد اور خوشگوار موڈ میں دکھائی دے دیئے تقریب میں لیگی کارکنان کی وزیر اعظم اور وفاقی وزیر احسن اقبال کے حق میں زبردست نعرے بازی

جمعہ 13 جنوری 2017 13:27

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جنوری۔2017ء)وزیر اعظم نواز شریف نے نارووال میں وزیرا عظم قومی صحت پروگرام کے تحت ہیلتھ کارڈ کے اجراء کی تقریب میں تحریک انصاف کا نام لئے بغیر انہیں نا صرف تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ یہاں تک کہہ دیا کہ کچھ سیاستدان بلاناغہ جھوٹ بولتے ہیں ‘ گوشت کا ناغہ منگل اور بدھ کو ہوتا ہے مگر یہ سیاستدان اس دن کا بھی جھوٹ بولنے میں ناغہ کرتے ہیں۔

قومی صحت پروگرام کے متعلق نارووال میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم اور وفاقی وزیر احسن اقبال کے حق میں لیگی کارکنان نے زبردست نعرے بازی کی جبکہ وزیر اعظم نواز شریف اور صحت کی و زیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں مریم نواز کے کردار کو سراہا اور ان کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے جمعرات کو منصوبہ بندی و ترقی کے وفاقی و زیر پروفیسر احسن اقبال کے حلقے میں غریبوں کے مفت علاج کیلئے صحت کارڈ کے اجراء کی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ و زیر اعظم نواز شریف ہیلی کاپٹر کے ذریعے جب نارووال پہنچے تو ہیلی پیڈ پر وفاقی وزیر احسن اقبال ان کے صاحبزادے ضلع کونسل نارووال کے چیئرمین احمد اقبال‘ وزیر مملکت صحت سائرہ افضل تارڑ ‘ مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے ان کا استقبال کیا۔ سائرہ افضل تارڑ نے اپنے خطاب میں صحت کارڈ پروگرام کے حوالے سے تفصیلات بیان کیں اور کہا کہ غریبوں کو مفت علاج کی سہولت و زیر اعظم کے ویژن کے مطابق پہنچائی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ جب یہ پروگرام تشکیل دیا جا رہا تھا تو شروع میں بہت مشکلات آ گئی تھیں مگر وزیر اعظم کے ویژن اور مریم نواز کی گائیڈنس کی وجہ سے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کا نام لئے بغیر شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بعض سیاستدان یہ کہتے ہیں کہ نواز شریف فیتے کاٹتا ہے میں ان کو بتانا چاہتی ہوں کہ فیتے وہی کاٹتا ہے جس میں عوام کی خدمت کا جذبہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ لوگ کہتے ہیں کہ سیاستدان جھوٹ بولتے ہیں اور جھوٹے وعدے کرتے ہیں انہیں میں بتا دوں کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت نہ تو جھوٹ بولتی ہے اور نہ جھوٹے وعدے کرتی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف جب خطاب کرنے آئے تو انہوں نے اپنی صاحبزادی مریم نواز کا خصوصی تذکرہ کیا اور کہا کہ ہیلتھ کارڈ منصوبے کی کامیابی میں مریم نواز اور سائرہ افضل تارڑ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

و زیر اعظم نے کہاکہ جب وہ اس تقریب میں شرکت کیلئے آرہے تھے تو مریم نواز نے ان سے کہا تھا کہ جن دو لوگوں کا اس پروگرام کے تحت علاج ہوا ہے ان کا ذکر ضرور کریں۔ و زیر اعظم نے بتایا کہ عابد نامی 52 سالہ ایک شخص جو ایک ہوٹل میں کام کرتا تھا اور اس کے 7 بچے ہیں جب اس کو عارضہ قلب کی تکلیف ہوئی اور اس کارڈ کی وجہ سے اس کا مفت علاج ہوا آج وہ صحت یاب ہو کر اپنی زندگی گزار رہا ہے جبکہ دوسرا شخص شریف خان ہے جو کینسر کے مرض میں مبتلا ہے اور ہیلتھ کارڈ کی وجہ سے اسلام آباد کے ایک پرائیویٹ شفاء انٹرنیشنل ہسپتال میں زیر علاج ہے اور حکومت اس کا علاج کا تمام خرچہ برداشت کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے اپنی لکھی ہوئی تقریر سے جب ہٹ کر خطاب کیا تو انہوں نے سائرہ افضل تارڑ کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہاں سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ لوگ کہتے ہیں کہ بعض سیاستدان جھوٹ بولتے ہیں تو ان کی اس بات کا میں اس طرح جواب دوں گا کہ کچھ سیاستدان واقعی جھوٹ بولتے ہیں اور وہ بلا ناغہ جھوٹ بولتے ہیں حالانکہ منگل اور بدھ کو گوشت کا ناغہ ہوتا ہے لیکن ان دنوں میں بھی ان کے جھوٹ بولنے کا ناغہ نہیں ہوتا۔

وزیر اعظم کے ان جملوں پر عوام نے تالیاں بجائیں۔ ایک مرحلہ پر جب وزیر اعظم نے احسن اقبال اور دانیال عزیز کی تجویز پر نارووال کو بدوملہی کے مقام پر موٹر وے سے ملانے کے منصوبے کی منظوری کا اعلان کیا تو مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے جذباتی انداز میں وزیر اعظم نواز شریف اور احسن اقبال کے حق میں نعرے بازی کی ۔ وزیر اعظم تقریب میں پر اعتماد اور خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہے تھے اور انہوں نے کہاکہ نارووال کی عوام نے ہمیشہ یہاں سے مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کروایا ہے اور وہ جلد ناروووال میں ایک سیاسی جلسہ کرینگے جس میں کھل کر سیاسی باتیں کی جائیں گی اور یہ جلسہ ایسا ہونا چاہیے جو یادگار ثابت ہو