مسلم لیگ (ن) نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان کو پورا کیا ہے، قومی صحت پروگرام کے تحت ایک لاکھ 34 ہزار خاندان مستفید ہوں گے اور معاشرہ کے پسے ہوئے طبقات اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے

وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ کا نارووال میں وزیراعظم کے صحت پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 12 جنوری 2017 18:01

نارووال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2017ء) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان کو پورا کیا ہے، قومی صحت پروگرام کے تحت ایک لاکھ 34 ہزار خاندان مستفید ہوں گے اور معاشرہ کے پسے ہوئے طبقات اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں وزیراعظم کے صحت پروگرام کی افتتاحی تقریب کے موقع خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کا پروگرام ایسا ہے جس کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی، موجودہ حکومت کی کوششوں سے آج ایک غریب خاندان بھی عزت کے ساتھ بڑے اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں اپنا علاج کرا سکتا ہے۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کے تحت ایک لاکھ 34 ہزار خاندان مستفید ہوں گے، 200 روپے یومیہ آمدنی والے خاندان اس سہولت کے تحت علاج معالجہ کرا سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ علاج کیلئے تین لاکھ روپے تک کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی جبکہ تین لاکھ سے زائد اخراجات بیت المال کے ذریعے ادا کئے جائیں گے۔ وزیراعظم صحت پروگرام کے تحت سات پیچیدہ امراض دل کی بیماریاں، ذیابطیس کی پیچیدگیاں، ٹریفک حادثات اور جل جانا، گردوں کی بیماریاں، ہیپاٹائٹس، جگر، بائی پاس، انجیو پلاسٹی اور کینسر کا علاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ صحت کی مساوی سہولیات کی فراہمی کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی لہٰذا وزیراعظم کے وژن کے تحت توانائی اور انفراسٹرکچر کے بڑے بڑے منصوبوں کے ساتھ ساتھ صحت عامہ اور تعلیم کے شعبوں میں اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات سرکاری اور پرائیویٹ دونوں طرح کے ہسپتالوں میں دی جائیں گی۔

غریب جو بیماری کیلئے در در بھٹکتا تھا اب اسے کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑیں گے۔ وزیراعظم صحت پروگرام کا بنیادی مقصد کم آمدنی والے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے اور ان کو غربت کے اندھیروں میں جانے سے بچانا ہے جس کی وجہ علاج معالجہ پر آنے والے اخراجات ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنے منشور میں کئے گئے ایک اور وعدے کو حقیقت کا روپ دیا ہے اور یقیناً غریب اور نادار مریضوں کیلئے ایک خوشی کا لمحہ ہے۔

متعلقہ عنوان :

نارووال میں شائع ہونے والی مزید خبریں