وزیراعظم نے ملک کو جدید شاہراتی انفراسٹرکچر، توانائی، تعلیم اور صحت کے منصوبے فراہم کئے ہیں

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال کا صحت پروگرام کے اجراء کی تقریب سے خطاب

جمعرات 12 جنوری 2017 19:28

نارووال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2017ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک کو جدید شاہراتی انفراسٹرکچر، توانائی، تعلیم اور صحت کے منصوبے فراہم کئے ہیں جس سے ملک ترقی و خوشحالی حاصل کرے گا۔ وہ جمعرات کو یہاں صحت پروگرام کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس سے وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھی خطاب کیا اور مستحقین نے صحت کارڈ تقسیم کیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نارووال کی دھرتی نے ہمیشہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کو خوش آمدید کیا اور جلسے کر کے ثابت کیا کہ وہ ان سے کتنا لگائو رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب صرف غریبوں کے حوالے سے ہے جو علاقہ کے عوام کی وزیراعظم سے محبت کا اظہار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2013ء سے قبل غریب دھکے کھاتے تھے لیکن اب صحت کے شعبہ میں غریب آدمی کا وی آئی پی کے درجے کے طور علاج معالجہ ہو گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ 2013ء میں جب ہماری حکومت برسراقتدار آئی تو اس سے قبل ہر طرف اندھیرے تھے۔ میڈیا نے سوال کیا کہ آپ نے اتنے وعدے کیے ہیں اور خزانہ بھی خالی ہے، ہم نے کہا کہ ہماری قیادت اور نیتوں کے خزانے بھرے ہوئے ہیں۔ 2013ء سے قبل پاکستان کا شمار پست معاشی ممالک میں ہو رہا تھا مگر آج معروف عالمی جریدہ دی اکنامسٹ پاکستان کو دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی 5ویں معیشت قرار دے رہا ہے اور ترقی کی یہ منازل وزیراعظم کی قیادت کے تحت حاصل ہوئیں۔

نارووال میں شائع ہونے والی مزید خبریں