پولیوکے خاتمہ کے لئے کی جانے والی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں،ڈپٹی کمشنرسقراط رانا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 14 جنوری 2017 21:36

اوکاڑہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے ۔14جنوری2017ء):ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پولیو کے مرض کے خاتمہ کے لئے کی جانے والی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں تمام متعلقہ ادارے اسی لگن ،جوش و جذبہ اور ایمانداری سے محنت کرتے رہیں تو وہ دن دور نہیں جب پولیو کا مستقل بنیادوں پر خاتمہ ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ بچے ہماری امیدوں کا محور ہیں ان کو ایک صحت مند مستقبل دینے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے والدین محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کوئی بچہ پولیو ویکسیئن کے قطرے پینے سے محروم ن نہ رہ جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایچ کیو ساؤتھ سٹی میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جاوید احمد گورائیہ نے بتایا کہ ضلع میں 16جنوری سے 18جنوری تک 3روزہ انسدا د پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر کے 5لاکھ 45ہزار 847بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسیئن کے قطرے پلائے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لئے 1226ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسیئن کے قطرے پلائیں گی ۔ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہمارا اولین مقصد ہے جس کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے غیر سرکاری تنظیموں ،علماء مشائخ ،صحافیوں ،والدین ،معاشرہ کے صاحب الرائے لوگوں اور خصوصاََ اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ پاکستان سے اس مرض کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہو سکے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اوکاڑہ گذشتہ کئی سالوں سے پولیو فری ہے اور ہمیں بطور ایک ٹیم اپنے اس سٹیٹس کو برقرار رکھنے کے لئے بھر پور محنت کرنا ہے ۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں