کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ پنجاب سے پیپلز پارٹی کا صفایا ہو گیا ہے ، نہ سوچیں کہ وہ آزادی سے اپنی حکومت کو طوالت اور اپنی من مانیاں کر تے رہیں گے ،پیپلزپارٹی کا جیالا آج بھی اسی دم خم سے زندہ و جاوید ہے جس طرح ذوالفقار اور بینظیر بھٹو کے دور میں تھا ، پاکستان کی نوجوان نسل اپنے قائد بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہے

پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن کا بلاول بھٹو کی ریلی سے خطاب

جمعرات 19 جنوری 2017 19:57

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ پنجاب سے پیپلز پارٹی کا صفایا ہو گیا ہے اور وہ آزادی سے اپنی حکومت کو طوالت اور اپنی من مانیاں کر تے رہیں گے ،پیپلزپارٹی کا جیالہ آج بھی اسی دم خم سے زندہ و جاوید ہے جس طرح شہید قائد ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید بینظیر بھٹو کے دور میں تھا۔

پاکستان کی نوجوان نسل اپنے قائد بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہیں اور ان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ملک و ملت سے ناانصافی ، جبر اور لوٹ مار کا خاتمہ کر نے کو کمر بستہ ہیں۔ وہ جمعرات کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ریلی کے آغاز سے قبل جیالوں سے خطا ب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئو دیکھو پیپلزپارٹی کا جیالہ آج بھی ملک سے جبر و استبداد اور ناانصافیوں کے خلاف سینہ سپر ہے ۔

حکومت والے دیکھ لیں جو کہتے تھے کہ پنجاب سے پیپلزپارٹی کا خاتمہ ہو گیا ہے پیپلز پارٹی کل بھی زندہ تھی آج بھی زندہ ہے اور رہے گی۔ حکمرانوں کی کشتی پانامہ لیکس کے سمندر میں ہچکولے کھارہی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف اور اس کے وزیروں مشیروں نے بہت عیش کر لی اب ان کی کرپشن اور من مانی عیش وعشرت کا باب بند ہو نے والا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوام کی بھرپور طاقت کے ساتھ عوامی حکومت بنائیں گے جو مزدور، ہاری، کسان اور ملک کے پسے ہوئے لوگوں کی حکومت ہوگی۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں