ملک بھر میں بارشوں اور برفباری ، بلوچستان میں ہائی الرٹ جاری

وادی ہنزہ سردی کے لپیٹ میں آگئی، بہتے ندی نالے اور آبشاریں جم کر برف بن گئیں، مستونگ میں لکپاس ٹنل برفباری کے باعث بند، کوئٹہ سے کراچی اور تفتان جانے والی شاہراہ ٹریفک کے لئے بند،کسی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری، متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں،محکمہ داخلہ میں کنٹرول روم قائم ، کوئٹہ میں برفباری کے بعد فنی خرابی کے سبب بجلی کی فراہمی معطل، گیس پریشر میں کمی نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا

اتوار 15 جنوری 2017 13:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2017ء) ملک بھر میں بارشوں اور برفباری کے باعث کئی علاقوں کا زمینی رابطہ دیگر شہروں سے منقطیع ہو گیا جبکہ بلوچستان میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ۔ اسلام آباد اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں بارشوں کے باعث سردی کی شدت برقرار رہی جبکہ ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

چترال اور غذر میں شدید برفباری کے باعث دونوں شہروں کا زمینی راستہ آپس میں منقطع ہو گیا جب کہ سوات اور دیر میں بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ شدید سردی کے لپیٹ میں آگئی جس کے باعث بہتے ندی نالے اور آبشاریں جم کر برف بن گئیں ۔اس کے علاوہ ملکہ کوہسار مری اور ایبٹ آباد میں بھی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

(جاری ہے)

خشک سالی کے خطرے سے دوچار بلوچستان میں گزشتہ روز شرو ع ہونیوالی برفباری کا سلسلہ دوسرے روز جاری رہاجبکہ کوئٹہ سمیت سرخاب، بوستان، قلات، زیارت، مستونگ، لورالائی میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری سے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ زیارت اور قلات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ۔ مستونگ میں بھی لکپاس ٹنل برفباری کے باعث بند ہونے سے کوئٹہ سے کراچی اور تفتان جانے والی شاہراہ ٹریفک کے لئے بند ہوگئی ۔

کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے صوبے بھر میں ہائی الرٹ کر کے متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور محکمہ داخلہ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ۔ کوئٹہ میں برفباری کے بعد فنی خرابی کے سبب بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ گیس پریشر میں کمی نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں