بلوچستان میں برف باری سے متاثرہ اضلاع میں مرکزی شاہراہیں بحال ہوچکی ہیں جبکہ منسلک راستے بتدریج بحال ہورہے ہیں ، نئے موسمی حالات کی مناسبت سے پی ڈی ایم اے نے پیشگی اقدامات کردئیے ہیں جس کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان نے ضروری فنڈز جاری کردئیے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے معدنیات وکان کنی میر محمد خان لہڑی

پیر 23 جنوری 2017 15:36

کوئٹہ۔23جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے معدنیات وکان کنی میر محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ صوبے میں برف باری سے متاثرہ اضلاع میں ذرائع مواصلات کی بحالی کا کام تسلسل سے جاری ہے ،مرکزی شاہراہیں بحال ہوچکی ہیں جبکہ منسلک راستے بتدریج بحال ہورہے ہیں ، نئے موسمی حالات کی مناسبت سے پی ڈی ایم اے نے پیشگی اقدامات کردئیے ہیں جس کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے ضروری فنڈز جاری کردئیے ہیں صوبے میں امداد بحالی سے متعلق اٹھائے جانے والے اقدامات کی رپورٹس روزانہ کی بنیاد پر وزیراعلیٰ کو پیش کی جارہی ہے ،وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ محکموں کو مستعد رہنے کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

متاثرہ اضلاع کے معتبرین کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیرنے کہا کہ صوبائی حکومت نے شدید برفباری کی صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پہلے مرحلے میں رابطہ سڑکوں کی بحالی اور پھنسے ہوئے متاثرین کو ریسکیوکرنے پر توجہ مرکوز رکھی اور شدید برف باری کے دوران بھی مرکزی شاہراہیں خصوصاً کراچی کوئٹہ شاہراہ کی بحالی کے لیے کام جاری رہا اس کے ساتھ ساتھ ایف سی کے جوانوں نے بھی امداد وبحالی اور ریسکیو کی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کیا ،انہوں نے کہا کہ متاثرین کی امداد وبحالی کے لیے فی الوقت صوبائی حکومت اپنے وسائل بروئے کار لارہی ہے اور متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی کی بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں،صوبائی حکومت بھرپور طریقے سے متاثرین کی امداد وبحالی کے لیے اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں