وکلاء مقدمات جلد نمٹانے میں عدالتوں سے تعاون کریں، محمدنور مسکانزئی

بار اور بنچ کا ہمیشہ سے ایک رشتہ رہاہے جس کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے،چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ

منگل 21 فروری 2017 17:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان محمدنور مسکانزئی صاحب نے سیشن جج خاران اور ماتحت عدالتوں کامعائنہ کیا ۔قبل ازیں خاران بار کی طرف سے چیف جسٹس صاحب کے اعزاز میں چائے پارٹی کا اہتمام کیا اور لیاقت علی ایڈووکیٹ نے ابتدائی کلمات ادا کئے ۔ جبکہ جناب محمد اسماعیل پیرک زئی ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے جوڈیشل کمپلیکس خاران کی تعمیر اور تمام عدالتوں کے قیام کے حوالے سے چیف جسٹس صاحب کے کاوشوں کو سراہا۔

اور مزید بتلایا کہ چیف جسٹس صاحب نے بار روم اور ماتحت عدالتوں کو تمام سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا ہے۔ اور خاران بار کی طرف سے ضلع چاغی کو سیشن ڈویژن اور جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کا مطالبہ بھی کیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دالبندین کو سیشن ڈویژن بنانے اور جوڈیشل کمپلیکس تعمیر کر نے کیلئے پہلے ہی سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

اور انہوں نے وکلاء پر زور دیا کہ وہ مقدمات کو جلد نمٹانے میں عدالتوں سے تعاون کریںکیونکہ بار اور بنچ کا ہمیشہ سے ایک رشتہ رہاہے ،جس کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔اور چیف جسٹس صاحب نے کہاکہ حال ہی میں ماتحت عدالتوں کے منسٹریل اسٹاف کے گریڈ میں اضافہ بھی کیا گیا ہے۔دوران معائنہ چیف جسٹس صاحب نے ماتحت عدالتوں کے ججوں سے مقدمات کو میرٹ پر جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کی۔

آخر میں بار کے صدر جناب اشفاق حسین ایڈووکیٹ نے چیف جسٹس صاحب کا بار روم اور خاران آنے پر شکریہ اد اکیا۔اس تقریب میں عدالت عالیہ بلوچستان کے رجسٹرار روزی خان بڑیچ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انسپکشن منور احمد شاہوانی ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد ظریف بلوچ و دیگر وکلاء کی کثیر تعداد اور علاقائی معتبرین موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں