ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا سلسلہ خوش آئند ہے ، میاں اعجاز عامر

پیر 23 جنوری 2017 14:16

ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا سلسلہ خوش آئند ہے ، میاں اعجاز عامر
رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء)صدر انجمن تاجران سرکلر روڈ/نائب صدر ضلعی انجمن تاجران رحیم یار خان چوہدری اظہر جمیل نے چیئرمین میونسپل کمیٹی رحیم یار خان میاں اعجاز عامر کی جانب سے ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ میاں اعجاز عامر نے باگ دوڑ سنبھالتے ہی شہرکی خوبصورتی اور شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے تاجر برادری سمیت اہلیان شہر سے رابطہ مہم کا جو سلسلہ شروع کیا ہے وہ خوش آئند ہے اور مرکزی انجمن تاجران سمیت انجمن تاجران سرکلر روڈ اسے کی مکمل حمایت اور اپنے تعاون کا یقین دلاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ناجائز تجاوزات کے باعث شہر میں ٹریفک کے مسائل گھمبیر صورتحال اختیار کر چکے تھے جبکہ خریداری کے لئے آنے والی فیملیز کو بھی شدید مشکلات کا سامنا تھا۔انہوں نے کہا کہ میاں اعجاز عامر نے شہر میں ٹریفک ، سیوریج سمیت صفائی ستھرائی کے لئے جو پلان مرتب کیا ہے وہ قابل عمل ہے ۔شہر کی صفائی ،خوبصورتی ، مسائل سے چھٹکارہ اور عوامی خوشحالی و سہولت کے لئے چیئرمین میونسپل کمیٹی کے ساتھ تاجر برادری اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گی اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ اسی ویژن اور جذبہ کے ساتھ عوامی مسائل حل کرنے میں اپنی توانائیاں صرف کریں گے۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں