انتظامیہ کاشتکاروں کے مفاد کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی،ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان

منگل 17 جنوری 2017 23:33

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء)ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ انتظامیہ کاشتکاروں کے مفاد کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی اور کسی کو بھی کاشتکاروں کے حقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جعلی کھادوں اور زرعی ادویات کے خاتمہ کے لئے حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی سربراہی میں عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس گھنائونے کاروبار میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے علیحدہ سے کورٹس بھی قائم کر دی گئی ہیں تاکہ کسانوں کو نقصان پہنچانے والے مافیا کو نکیل ڈالی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں کسانوں کو کھادیں اور زرعی ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہونی چاہیے،حکومت نے کاشتکاروں کی سہولت کے لئے کھادوں پر سبسڈی برقرار رکھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹاسک فور س کمیٹیاں اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اور جعلی کھاد و زرعی ادویات فروخت کرنیوالوں کے خلاف مقدمات اور موثر پیروی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ قانونی کمزوریوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بچ نہ پائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع میں محکمہ زراعت کے افسران و عملہ اپنی کارکردگی رپورٹ ماہانہ کی بنیاد پر مرتب کرے جبکہ تمام محکموں کے درمیان موثر روابط برقرار رہنے چاہیے جبکہ کاشتکار تنظیموں اور ان کمیٹیوں کے ممبران کو بھی شامل کرتے ہوئے ان کی تجاویز سے فائدہ اور شکایات کا ازالہ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی اور ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ایگری کلچرایڈوائزری کمیٹی کے با رے میں بریفنگ دیتے ہو ئے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت(تو سیع) رحیم یار خا ن چو ہدری امتیاز احمد نے بتایا کہ محکمہ زراعت کی طرف سے کسا نوں کی خوشحالی کے لیئے بہت سے ترقیاتی منصو بہ جات شروع کئے گئے ہیں۔مشینی کاشتکاری کو فروغ دینے کیلئے کسا نوں کو یو نین کو نسل کی سطح پر زرعی آلات 50% فیصد رعائتی قیمتوں پر فراہم کئے گئے ہیں۔

گندم کی فصل کی زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے گا ئوں کی سطح 2 کا شتکاروں کو بیماریوں سے پاک بیج گندم کی مفت فراہمی کی گئی ہے۔سبزیات کی کاشت کو فروغ دینے کیلئے نمائشی پلاٹ لگا ئے گئے ہیں اور سیڈکٹس رعائتی قیمت پر فراہم کی گئی ہیں۔فصلات کی ضروریات کے مطا بق زمینوں کی اصلاح کیلئے منصو بہ تجزیہ اراضی کے تحت مٹی کے نمو نہ جات لئے جا رہے ہیں۔

تا کہ متوازن کھادوں کے استعمال سے کم خرچ اور زیادہ پیداوار حا صل کی جاسکے۔میٹنگ کے اختتام پر تمام شرکاء کی با ہمی مشاورت سے فیصلہ جات کئے گئے کہ چمبرآف ایگری کلچربنایاجائے،میٹنگ کی تاریخ فکس ہو نی چا ہیئے،مختلف محکمہ جات کے درمیان کوارڈینیشن کے فکدان کو ختم کیا جائے،کماد کی منظور شدہ اقسام ہی کاشت کی جائیں،اورہر میٹنگ سے پہلے تمام کسان تنظیموں کی میٹنگ کی جائے تا کہ اُن کا ایک نمائندہ اپنی تجاویز پیش کر سکے۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں