وزیر اعظم محمد نوازشریف نے دفاعی اداروں کے ساتھ مل کر اہم فیصلے کئے جس کے ثمرات آج ہمیں مل رہے ہیں، سینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال

جمعہ 20 جنوری 2017 23:07

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) مرکزی سینئر رہنما مسلم لیگ(ن) وسینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا ہے کہ 2013ء میں جب مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو بدامنی، دہشت گردی، کرپشن، اقتصادی و توانائی بحران عروج پر تھے،وزیر اعظم محمد نوازشریف نے دفاعی اداروں کے ساتھ مل کر اہم فیصلے کئے جس کے ثمرات آج ہمیں مل رہے ہیں کہ ملک سے دہشت گردی، بد امنی، کرپشن کا خاتمہ ہو چکا ہے جس کے لئے پوری قوم اپنی مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کی قربانیوں کو سلام پیش کر تی ہے۔

2016ء کا پاکستان معاشی و اقتصادی لحاظ سے مضبوط ہے ، وزیر اعظم نواز شریف کی مخلصانہ قیادت کی بدولت چین اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے ، ملکی ادارے بہتری کی جانب گامزن ہیں ۔

(جاری ہے)

ملک کی 50فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو بے روزگاری کے باعث پریشان ہیں مگر حکومتی اقدامات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی بدولت ملک میں نئی انڈسٹریز، ریلوے لائن، موٹر وئے بن رہی ہیں جس سے بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا اور 2018ء سے قبل ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور بجلی سستی فراہم کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن صوبائی اسمبلی پنجاب محمد عمر جعفر کے ہمراہ رحیم یار خان کی بستی گھچلہ میں سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی محبتیں اور وسائل عوام کے لئے ہیں یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت کی مقبولیت بعض جماعتوں کے سربراہان سے ہضم نہیں ہو رہی خیبر پختونخواہ میں تعلیم وصحت کا برا حال ہے مگر عمران خان وزیر اعظم بننے کے جنون میں مبتلا ہیں۔

موجودہ حکومت دھاندلی کے الزامات سے بھی سرخرو ہو کر نکلی تھی اور اب جو الزامات لگ رہے ہیں اس سے بھی انشاء اللہ سرخروہو کر نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ علاقائی ترقی منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا فرض ہے اور ایم این اے میاں امتیا زاحمد اور ایم پی اے محمد عمر جعفر محنت و لگن سے اپنے حلقہ کی تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے شب و روز کوشاں ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کے بستی گھچلہ، رحمت کالونی، رفیقاں آباداور بستی ہماں میں سوئی گیس اور بجلی کی فراہمی کے لئے ایم این اے میاں امتیا زاحمد کو سفارش کریں گے۔ایم پی اے محمد عمر جعفر نے کہا کہ شہری ترقی کے بعد اب اپنی تمام تر توجہ مضافاتی علاقوں اور کچی آبادیوں پر مرکوز کر دی ہے بستی گھچلہ کو سڑک کی فراہمی کا وعدہ پورا کر دیا اور اب جو اہلیان علاقہ کی جانب سے ٹف ٹائیل، سیوریج کے مطالبات کئے گئے ہیں اس کا جلد سروے کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں کو بھی شہری علاقوں کی طرح یکساں ترقیاتی امور میں شامل کیا جائے گا اور ان علاقوں سے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی مشاورت سے ترقی کا عمل تیزی سے آگے بٹھایا جائے گا۔انہوں نے چیئرمین یونین کونسل غلام رسول ببر، وائس چیئرمین اکمل خان ، کونسلر جام ادریس گھچل سمیت دیگر عمائدین علاقہ کی جانب سے بیان کئے گئے مسائل فوری حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ضلعی صدر مسلم لیگ(ن) میاں خالد شاہین، حاجی بقا محمد گھچل، جاوید خان دشتی ایڈووکیٹ، حافظ سعید خان ببر، مقصود احمد،محمد شاکر، غلام یٰسین، جلیل احمد، شبیر احمد ، چوہدری لیاقت سمیت عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں