شہرسے سیوریج کے مسائل اور ناجائز تجاوزات کے تدارک کیلیے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ، میاں اعجازعامر

جمعرات 23 فروری 2017 12:37

رحیم یار خان۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء)میونسپل کمیٹی رحیم یارخان کے چیئرمین میاں اعجازعامر نے کہا ہے کہ شہرسے سیوریج کے مسائل اور ناجائز تجاوزات کا تدارک میونسپل کمیٹی کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں جس کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ٹیکنیکل ٹیموں کی زیر نگرانی ونچ مشینوں کی مدد سے سیوریج کی مین لائنوں میں رکاوٹیں دور کرکے پانی کی نکاسی کیلئے آپریشن جاری ہے جس سے بہت جلد متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل حل ہوجائیں گے۔

انہوں نے یہ بات سیوریج سسٹم کی بحالی ‘ ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور صحت وصفائی کے مسائل کے حل کے کام کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کے دورہ کے موقع پر اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میاں اعجازعامر نے بتایا کہ شہباز پور روڈ اور بائی پاس روڈ پر واقع سٹی سیوریج سکیم کی مین لائنوں کی صفائی کیلئے میونسپل کمیٹی کے ساتھ ساتھ محکمہ پبلک ہیلتھ اور دوسرے محکمے بھی مصروف عمل ہیں۔

سیوریج کے مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات کا ازالہ کرنے کی ہرممکن کوشش کررہے ہیں۔ میاں اعجازعامر نے مختلف علاقوں میں ناجائز تجاوزات کے خلاف ٹی ایم اے کے جاری آپریشن کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی کسی تعصب اور تفریق کے بغیر یکساں بنیادوں پر عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی وہ ازخود ناجائز تجاوزات ختم کرتے ہوئے کسی پریشانی ‘ شرمندگی اور جرمانے سے بچیں۔ انہوں نے کہا کہ رحیم یارخان ہم سب کا شہر ہے‘ اس کی سڑکیں‘ بازار اور گلیاں تجاوزات سے پاک اور صاف ستھری بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں