حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں،سی پیک ترقی و خوشحالی کا باعث بنے گا، سردار اویس احمد لغاری

پیر 16 جنوری 2017 19:05

راجن پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین ایم این اے سردار اویس احمد لغاری نے کہا ہے کہ عہد حاضرمیں دنیا کو پاکستان کی ضرورت ہے کیونکہ یہ جنوبی ایشیاء کا ایک بڑا اہم ملک ہے۔ پاکستان کو یورپی ممالک ، یورپی یونین سے بھی تعلقات بڑھانے اور پارلیمانی وتجارتی وفود کے تبادلے پر غور کرنا چاہیے۔

اقوام متحد ہ کے نئے سیکرٹری جنرل کے پاکستان میں بہت سارے دوست ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں گے ۔ مشیرخارجہ سرتاج عزیز، طارق فاطمی اور ملیحہ لودھی کی ان سے ملاقات ہوچکی ہے۔ حکومت پاکستان نے سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے سرمایہ کاروں کے اعتماد کوبحال کرنے کیلئے ٹھوس اقدام کئے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں شپنگ انڈسٹری ،روزگار کے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں وہ گذشتہ روزلاہورمیں راجن پور کے سیاسی عمائدین وائس چیئرمین ضلع کونسل مرزاشہزاد ہمایوں مغل، سابق تحصیل ناظم قاضی سیف اللہ، چیئرمین مارکیٹ کمیٹی خواجہ فیاض احمد، محمد حسین فریدی، پروفیسر رفیق حیدری، شمشیر حیدر غلزائی ایڈووکیٹ، آصف آزاد سے غیر رسمی گفتگو کررہے تھے۔

سردار اویس احمد لغاری نے کہا کہ پاکستان خطے کے تمام ممالک سے برادرانہ اور خوشگوار تعلقات کا خواہاں رہا ہے۔ جس کے نتیجے میں سی پیک منصوبہ پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ جو وطن عزیز میں ترقی و خوشحالی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ 21ویں صدی میں سلامتی امور میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں اور غیر روایتی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انداز فکر میں بھی تبدیلی لانا ہوگی۔

سردار اویس احمد لغاری نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کھادوں پر سبسٹدی بحال کردی ہے۔ جس سے صرف پنجاب کے دو کروڑ 20لاکھ کاشتکاروں کو مجموعی طورپر77ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بھلے ڈیرہ میں ایک نہیں دس جلسے کرلیں۔ وہ ایک پارٹی کے سربراہ ہیں کہیں بھی جلسہ کرسکتے ہیں۔مگر مسلم لیگ ن کی سیاسی قوت کو کم نہیں کرسکتے۔

متعلقہ عنوان :

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں