کسانوںکو سستے اور معیاری بیج کی فراہمی اور نگرانی کیلئے ڈیلروں کی رجسٹریشن شروع

پنجاب سیڈ کارپوریشن 40 سال سے بیج فراہم کر رہی ہے، معیاری بیج سے پیداواری اہداف کا حصول ممکن بنایا جاسکتا ہے، صوبائی وزیر زراعت نعیم اختر بھا بھہ

منگل 24 جنوری 2017 15:21

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء)صوبائی وزیر زراعت پنجاب محمد نعیم اختر بھا بھہ نے کہا ہے کہ معیاری اور اعلیٰ کوالٹی کے بیج سے پیداواری اہداف کا حصول ممکن بنایا جاسکتا ہے ۔ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہاکہ پنجاب سیڈ کارپوریشن 40 سال سے ملک بھر کے کسانوں اور زمینداروں کو سستے داموں معیاری بیج فراہم کر رہی ہے، حکومت پنجاب نے کسانوںکو عام مارکیٹ میں سستے اور معیاری بیج فراہم کرنے اور کڑی نگرانی کیلئے ڈیلروں کی رجسٹریشن شروع کردی ہے تاکہ کاشتکاروں کو معیاری بیج کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کے موجودہ پروسیسنگ پلانٹ کو اپ گریڈ کرنے کی بجائے جدید پروسیسنگ پلانٹ لگایا جائے گا تاکہ معیاری بیج کی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان میں ٹیکسٹائل کی ایکسپورٹ بڑھانے میں پنجاب سیڈ کارپوریشن کا بہت اہم کردار ہے کیونکہ پی ایس سی کے فراہم کردہ معیاری بیج سے کپاس کی پیداوار بڑھانے میں بھرپور مدد ملی۔

انہو ںنے مزید کہا کہ ایک دور تھا کہ پی ایس سی کا بیج خریدنے کیلئے سفارشیں کروانی پڑتی تھیں جوکہ اس کے معیار اور اعلیٰ کوالٹی کی ضمانت تھی۔ بیج کا وہ اعلیٰ معیار اب دوبارہ لاکر مزید کپاس کی پیداوار میں بہتری لائی جائے گی۔صوبائی وزیرزراعت محمد نعیم خان بھابھہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کپاس کے عمدہ بیج کی فراہمی کیلئے 5ارب روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کومزید منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا اس کے ورکر پنجاب سیڈ کارپوریشن کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں