’’سائوتھ ایشیا کنزیومر اینڈ ٹریڈ فیئر‘‘ اختتام پذیر

دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے بھارتی غیر ٹیرف رکاوٹیں دورکی جائیں ،راجہ عامر اقبال

بدھ 22 فروری 2017 15:35

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) راولپنڈی چیمبر کے صدر راجہ عامر اقبال نے کہا ہے کہ راولپنڈی چیمبر تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کرتا رہے گا اور تاجر برادری کو ایسے مواقع فراہم کرتا رہے گا جس سے ملکی مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں نمائش کو یقینی بنایا جا سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز بھارتی شہر جالندھر میں پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اور راولپنڈی چیمبر کے زیر اہتمام ’’سائوتھ ایشیا کنزیومر اینڈ ٹریڈ فیئر‘‘ کی اختتامی تقریب کے موقع پر کیا ۔

انہوں نے کہا پاکستانی برآمدات میں اضافہ راولپنڈی چیمبر کی اولین ترجیح ہے اور یہ نمائش بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ایچ ڈی چیمبر بھارتی غیر ٹیرف رکاوٹیں دور کرنے کے لئے اپنا فعال کردار ادا کرے گا ۔

(جاری ہے)

پانچ روزہ نمائش میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان، وسطی ایشائی ممالک اور تھائی لینڈ سمیت مختلف ملکوں کے ستر سے زائد ایگزی بیٹرز نے شرکت کی ۔

نمائش میں ملبوسات، ہینڈی کرافٹس، لیدر پروڈکٹس، برتن، زیورات، قیمتی پتھر اور فرنیچر کے اسٹالز کے علاوہ مختلف ملکوں کے روایتی کھانے پینے کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔ اس موقع پر راولپنڈی چیمبر اورجالندھر چیمبر کے ممبران سمیت ممتاز کاروباری شخصیات،سنجیو جونیجا، فہد برلاس ، سیکرٹری جنرل عرفان منان اور اسٹالز ما لکان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں