ضلع سیالکوٹ کے دیہی علاقوں میں بسنے والی عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، حناء ارشد وڑائچ

ترقیاتی کاموں کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے ان کی سختی سے نگرانی کی جائے گی تاکہ منصوبے دیر پا ثابت ہواور عوام الناس ان سے عرصہ دراز تک مستفید ہوسکیں، چیئرپرسن ضلع کونسل

جمعرات 19 جنوری 2017 20:49

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2017ء) چیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حناء ارشد وڑائچ نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ کے دیہی علاقوں میں بسنے والی عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ترقیاتی کاموں کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے ان کی سختی سے نگرانی کی جائے گی تاکہ یہ منصوبے دیر پا ثابت ہواور عوام الناس ان سے عرصہ دراز تک مستفید ہوسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ غلام عباس گوندل کے ساتھ اپنے آفس میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس مو قع پر رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ارشد وڑائچ، اے ڈی ایل جی ارشد، ڈسٹرکٹ انجینئر جاوید اقبال ، سی او بلدیہ سمبڑیال اسید اسد حسین، سپرنٹنڈنٹ ضلع کونسل طارق باجوہ اور مجید چوہدری بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

چیئرپرسن حناء ارشد وڑائچ نے کہاکہ ضلع کونسل سیالکوٹ کے دفاتر میں تزئین و آرائش کا کام جاری ہے جبکہ اسٹاف کی ایڈجسمنٹ کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ا سٹاف کی کمی کی وجہ سے ضلع کونسل کے معاملات کو تیزی سے آگے بڑھانے میں مشکلات در پیش ہیں تاہم جلد ہی ان مسائل پر قابو پالیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ضلع کونسل کے ملازمین کو محنت اور جانفشانی سے کام کرنا ہو گا اور ضلع سیالکوٹ کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ ا سٹاف کی ڈیوٹی پر حاضری کو یقینی بنایا جائے گا اور ان سے ذمہ داریوں کا جواب طلب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ضلع کی تعمیر و ترقی کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور جلد ہی ان منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی ۔حناء ارشد وڑائچ نے کہاکہ ترقیاتی کاموں کی ایک ایک پائی سوچ سمجھ کر خرچ کی جائے گی اور فنڈز کو ضائع کرنے نہیں دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں