جنوبی وزیرستان کی تحصیل توئے خلہ کے علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کا شدت پسندوں کیخلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا

ملا سنگین گروپ کے اہم کمانڈر عبدالوہاب سمیت 25 مشتبہ افراد گرفتار، بھاری تعداد میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد، شدت پسندوں کے کئی ٹھکانے تباہ کردیئے گئے

بدھ 15 فروری 2017 16:57

جنوبی وزیرستان کی تحصیل توئے خلہ کے علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کا شدت پسندوں کیخلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا
وانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2017ء) جنوبی وزیرستان کی تحصیل توئے خلہ کے علاقے گل کچھ اور زارملن میں سیکیورٹی فورسز کا شدت پسندوں کیخلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا، ملا سنگین گروپ کے اہم کمانڈر عبدلواہاب سمیت 25 مشتبہ افراد کوگرفتار کرلیا گیا،مقامی پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے ، جبکہ شدت پسندوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو دنوں سے پاک افغان بارڈر کے گل کچھ کے زیرو پوائنٹ پر آپریشن ضرب عضب سے فرار ہونیوالے شدت پسند پہاڑیوں کی چوٹیوںمیں روپوش تھے جو پاکستان مخالف کارروائیوں میں ملوث تھے ، سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کرکے کمانڈر ملا سنگین گروپ کے اہم کمانڈر عبدلواہاب سمیت 25 افراد کو گرفتارکر کے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا ہے جبکہ گرفتار افراد کو نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا ہے ، کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے ہیں،عوامی حلقوں نے فورسز کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔دوسری جانب دو دنوں سے کرفیو کی وجہ سے علاقے میں اشیائے خورونوش کی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

جنوبی وزیرستان‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں