شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں نئے آنے والے طلبہ و طالبات کیلئے اورینٹیشن ڈے منایا گیا

منگل 17 جنوری 2017 20:35

سکھر۔ 17جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں تعلیمی سال 2017میں بی ایس اور ماسٹرز پروگرام میں نئے آنے والے طلبہ و طالبات کیلئے اورینٹیشن( واقفیت) کا دن منایا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ وائیس چانسلر نے نئے طلبہ و طالبات سے خصوصی خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ اورنٹیشن دن منانے کا مقصد طلبہ و طالبات کو یہ باور کرانا ہے کہ یہ ان کی اپنی یونیورسٹی ہے اور وہ یہاں اچھے طریقے سے اپنی اعلیٰ تعلیم حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے طلبہ و طالبات مختلف علاقوں سے آئے ہیں ، ہم انہیں ایک بہتر آغاز دینا چاہتے ہیں ۔ ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ آپ اس ملک کا مستقبل ہیں اور یہ دور تعلیم یافتہ لوگوں کا دور ہے۔

(جاری ہے)

یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم آپ کو ایسی تعلیم فراہم کریں جو آپ کے روشن مستقبل کا باعث ہواور آپ بہتر طریقے سے ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔ ڈاکٹر پروین شاہ نے طلبہ و طالبات کو کہا کہ ہم یہاں آپ کو تعلیم و تحقیق کی بہتر سہولیات فراہم کررہے ہیں جن میں مرکزی لائبریری، سیمینار لائبریری، کمپیوٹر لیب ، انٹر نیٹ اور جدید سائنسی لیبارٹریاں شامل ہیں ۔

ان تمام عوامل و سہولیات کی موجودگی میں آپ کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا۔ یہ اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ تعلیم و تربیت پر زور دیں ، زیادہ سے زیادہ سیکھنے کی کوشش کریں تاکہ ملک کو موجودہ چیلنج سے نکال سکیں۔ آپ مستقبل کے رہنما ہیں ۔ پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی رجسٹرار نے بھی طلبہ و طالبات سے خطاب کیا اور طلبہ و طالبات پر محنت کرنے پر زور دیا۔ آخر میں طلبہ طالبات میں مختلف مخیرحضرات کی جانب سے دی جانے والی اسکالرشپ کے چیک تقسیم کیے گئے ۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں