سکھر، سیپکو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے، حاجی محمد جاوید میمن

نئے نصب شدہ میٹر سابقہ میٹر سے سو گناہ زیادہ تیز رفتار سے چلتے ہیں ،صدرسمال ٹریڈرز

پیر 23 جنوری 2017 20:12

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2017ء) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے سیپکو کی جانب سے نئے میٹر نصب کرنے کے عمل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ سیپکو صارفین کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے، سیپکو کی جانب سے نئے نصب شدہ بجلی کے میٹر سابقہ میٹر سے سو گناہ زیادہ تیز رفتار سے چلتے ہیں ، جبکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران یوپی ایس اور جنریٹر چلانے پر بھی نئے میٹر تیزی رفتاری سے چل رہے ہیں،جس کے باعث صارفین بھاری رقوم کے بجلی کے بل ادا کرنے پر مجبور ہیں جوکہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف علاقوں سے آنیوالے تاجروں کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

حاجی محمد جاوید میمن کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ سیپکو کے افسران نے بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرنیوالے تاجروں اور شہریوں کو تنگ و پریشان کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے، سکھر کے تاجر اور شہری باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اوور ریڈنگ، ڈیڈیکشن شدہ بجلی کے بلوں کا عذاب بھی بھگت رہے ہیں اس کے باوجود نئے میٹرنصب کر کے انہیں بھی بجلی چوری کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، انہوںنے وفاقی وزیر پانی و بجلی، سیپکو چیف و دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ شہر میں بجلی کے نئے میٹرز نصب کرنے کے سلسلے کو فی الفور روک کر سابق میٹرز نصب کیے جائیں بصورت دیگر تاجر برادری اور شہری اپنے بلوں کی ادائیگیاں روک کر سیپکو کے خلاف شدید احتجاج کریگی جس کی تمام تر ذمہ داری سیپکو انتظامیہ پر عائد ہوگی

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں