میئر سکھر اور ڈپٹی کمشنر سکھرکا گورنمنٹ اسلامیہ سائنس کالج کا اچانک دورہ

منگل 24 جنوری 2017 21:57

سکھر۔ 24جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء) مئیر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر وحید اصغر بھٹی نے گورنمنٹ اسلامیہ سائنس کالج کا اچانک دورہ کیا ، اس موقع پر انہوں نے شاگردوں کی کم حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے پرنسپل کو ہدایات جاری کیں کہ شاگردوں کی حاضری سوفیصد بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور غیر حاضر طلبہ کے والدین کو ان کے بچوں کی غیر حاضری کے بارے میں آگاہ کیا جائے جبکہ کالج کے اساتذہ کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ طلبہ کو مختلف اسائنمنٹس دیں تا کہ طلبہ کی تدریسی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے۔

مئیر سکھر نے مزید کہا کہ شاگردوں کی نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی توجہ مرکوز کی جائے کیو نکہ تعلیم کے ساتھ کھیل کود طلبہ کی جسمانی صحت پر اچھا اثر ڈالتی ہے اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر وحید اصغر بھٹی کو ہدایت کی کہ گورنمنٹ اسلامیہ کالج میں کھیلوں کی سرگرمی کے لئے باسکٹ بال اور ٹیبل ٹینس کورٹ بنائے جائیں اس کے علاوہ کالج کے این سی سی کے خالی پڑے بلاک میں لائبریری کا سیکشن بنایا جائے اور کالج کی اراضی سے تجاوزات کو فی الفور ختم کرایا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمئیر سکھر نے طلبہ کے لئے صاف پانی کی سہولت کیلئے دو واٹر کولر دینے کا اعلان بھی کیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ اسکولز اور کالجز میں فرنیچر کی کمی اور مرمت کے حوالے سے حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے ایک پالیسی بنائی ہے جس کے تحت تعلیمی اداروں میں اس کمی کو پورا کیا جائے گا ۔ انرولمنٹ میں کمی کے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ معاشرے میں غربت کے باعث انرولمنٹ میں کمی ہو تی ہے جس کے حل کے لئے حکومتی سطح پر مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

کالج کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ صفائی ستھرائی نہ صرف اس کالج بلکہ پورے شہر کا مسئلہ بن چکی ہے جس کے حل کے لئے انتظامی اقدامات کے علاوہ تعلیم اور شعور کی بھی ضرورت ہے ،کیونکہ جہاں کچرا اٹھانے والے کو تاہی کرتے ہیں وہیںکچرا پھینکنے والے بھی ذمہ دار ہیں ۔ اس موقع پر ڈپٹی مئیر سکھر طارق چوہان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں