واٹر اسپورٹس ریکریشنل فیسلٹی تھیم پارک کے منصوبے سے متعلق حکام کی اسد قیصر کوبریفنگ

پارک میں فلوٹنگ ریسٹورانٹ،پکنک سائٹس،واٹر سکوٹنگ اور رہائش سمیت دیگر تفریحی سہولیات میسر ہوں گی ‘بجلی اور گیس کی فراہمی کے علاوہ سڑکوں کی تعمیر صوبائی حکومت کرے گی‘منصوبے میں چین کے سرمایہ کاروں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے‘ اسد قیصر کا پارک کی تعمیر فاسٹ ٹریک بنیاد پر جلد مکمل کرنے کی ہدایت

اتوار 22 جنوری 2017 19:00

صوابی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میںصحتمندانہ سرگرمیوںاور سیاحت کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،جس سے نہ صرف عوام کو تفریح کے بھرپور مواقع فراہم ہوں گے بلکہ حکومت کو کثیر آمدنی بھی حاصل ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہنڈ صوابی کے مقام پردریائے سندھ اور پشاور اسلام آباد موٹر وے کے سنگم پر 400 کنال رقبہ پرمحیط25کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے واٹر اسپورٹس ریکریشنل فیسلٹی تھیم پارک کے منصوبے سے متعلق حکام کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر تحصیل ناظم سہیل خان، چیف پلاننگ آفیسر ٹوارازم ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا طاہر علی خان،ایکسیئن سی اینڈ ڈبلیو نوید اقبال ،خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل ریٹائرڈ حیات کے علاوہ محکمہ آبپاشی ،محکمہ مال اور محکمہ کھیل و ثقافت کے اعلیٰ حکام سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اسد قیصر نے تھیم پارک منصوبے کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا،اس دوران منصوبے میں شامل محکموں کے حکام کی جانب سے ان کو بریفنگ بھی دی گئی۔

حکام نے بتایا کہ واٹر سپورٹس تھیم پارک خیبر پختونخوا میں تعمیر ہونے والاپہلا بین الاقوامی معیار کا ایک منفرد منصوبہ ہے جس سے عوام کو بہترین تفریحی مواقع فراہم ہوں گے۔ حکام نے بتایا کہ تھیم پارک میں فلوٹنگ ریسٹورانٹ،پکنک سائٹس،واٹر سکوٹنگ اور سیاحوں کے لئے رہائش سمیت دیگر تفریحی سہولیات میسر ہوں گی جس کیلئے اراضی حاصل کرلی گئی ہے جبکہ ہنڈ سے پارک تک 2.2 کلومیٹر روڈ کی تعمیر پر بھی تیزی سے کام جای ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارک کے لئے اراضی،بجلی اور گیس کی فراہمی کے علاوہ سڑکوں کی تعمیر صوبائی حکومت کرے گی جبکہ سیاحتی اور تفریحی سہولیات کی فراہمی مطلوبہ تجربے کی حامل فرموں کے ذریعے کی جائے گی جس کے لئے جلد ہی اشتہار مشتہر کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اس منصوبے میں چین کے سرمایہ کاروں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ موزوں مقام پر پارک کی تعمیر سے پشاور سے لے کر اسلام آباد تک سیاح یہاں کا رخ کریں گے۔

اسد قیصر نے اس موقع پر پارک کی تعمیر فاسٹ ٹریک بنیاد پر جلد مکمل کرنے‘ حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور کام کی پیش رفت اور نگرانی کے لئے تحصیل ناظم چھوٹا لاہور کی سربراہی میں محکمہ سیاحت،محکمہ مواصلات اورمحکمہ مال کے حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی جو اس ضمن میں 10 دن کے اندر رپورٹ سپیکر کو پیش کرے گی۔

متعلقہ عنوان :

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں