جے یو آئی نے اسلامی اقدار ،مدارس کی محافظ جماعت ہے ،ہمیشہ پاکستان میں قیام امن ، مسلمانوں کی بقاء ،دین اسلام کی سر بلندی کیلئے عملی کر دار ادا کیا ہے ،مولانا فضل علی حقانی ،مولانا عطاء الحق درویش

پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت صوبے میں امن قائم کرنے ،عوام کے بنیادی مسائل حل کر نے میں بُر ی طرح ناکام ہو چکی ہے،جے یو آئی ف کے رہنمائوں کا شمولیتی تقریب سے خطاب

ہفتہ 21 جنوری 2017 16:26

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) جے یو آئی کے مرکزی نائب امیر مولانا فضل علی حقانی اور ضلعی امیر مولانا عطاء الحق درویش نے کہا ہے کہ جے یو آئی نے اسلامی اقدار اور مدارس کی محافظ جماعت ہے اس جماعت نے ہمیشہ پاکستان میں قیام امن ، مسلمانوں کی بقاء اور دین اسلام کی سر بلندی کے لئے عملی کر دار ادا کیا ہے اور ادا کر تے رہیں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے موضع کھنڈہ میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ جس میں جے یو آئی ( ن) کے ابراہیم لالاکے علاوہ دیگر جماعتوں کے تاج محمد کاکا، فقیر شیر ، روف خان ، ظاہر شاہ ، فاروق ، زاہد نواز ، عطاء الرحمن اور دیگر نے جے یو آئی میں شمولیت کاا علان کیا جبکہ اجتماع سے مولانا محمد ایوب اور مولانا عبدالغفار نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مولانا فضل علی حقانی نے خطاب کر تے ہوئے اعلان کیا کہ جے یو آئی اقتدار میں آکر محنت کشوں کو کم از کم ایک تولہ سونے کے برابر اُجرت دے گی صوبے کے وسائل زیادہ ہے لیکن موجودہ غلط لوگوں کے ہاتھ میں یہ وسائل آنے سے عوام پر خرچ نہیں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت صوبے میں امن قائم کرنے اور عوام کے بنیادی مسائل حل کر نے میں بُر ی طرح ناکام ہو چکی ہے ۔

صوبہ مالی طور پر دیوالیہ ہونے کے قریب ہے نا اہل حکومت کے دور میں تین بار اے ڈی پیز لیپس ہو چکا ہے ۔ سرکاری اداروں میں کرپشن کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ گئی ہے مانیٹرنگ کے نام پر ملازمین کو حراساں کیا جارہا ہے جب کہ ملازمین کے جی پی فنڈز سے پیسے لئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر پختونخوا اسمبلی اپنے حلقہ میں آٹھ کلو میٹر سڑک تین سال میں مکمل نہ کر سکا جب کہ کھنڈہ موڑ سے ٹوپی تک یہ سڑک میں نے اپنے دور وزارت میں صرف چھ ماہ میں پایہ تکمیل کو پہنچایا تھا انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں سپیکر بُری طرح ناکام رہا اپنے گائوں مرغز میں ناظم اور کونسلر تک کامیاب نہ کر سکا انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے اپنے دور حکومت میں عوام کو قومی خزانے میں شریک کیا تھا مولانا عطاء الحق درویش نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا سمیت صوابی میں جے یو آئی عوام کی بھر پور انداز میں خدمت کر رہی ہے ہمارے دور میں صوبے میں مثالی امن تھا جب کہ آج صوبہ بھر میں امن نام کی کوئی شے نہیں حکومت ہر لحاظ سے ناکام ہے انہوں نے کہا کہ آنے والا دور ایک بار پھر جے یو آئی کا ہے عوام دھڑا دھڑ روزانہ شامل ہو رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں