پاک فوج کا ایف آر ٹانک میں انٹیلی جنس بیس آپریشن ، 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا

پاک افغان بارڈر پر سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت ، بھاری توپ خانہ تعینات باب دوستی چوتھے روز بھی آمد و رفت کیلئے بند،تجارتی ٹرکوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں

منگل 21 فروری 2017 09:13

ٹانک (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21فروری۔2017ء) پاک فوج نے ایف آر ٹانک کے پنگ ایریا میں اینٹیلی جنس بیس آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے پیر کے روز ٹانک میں اینٹیلی جنس بیس کیا جس میں 4 دہشت گرد مارے گئے ہیں آپریشن پنگ ایریا میں اور کالعدم تحریک طالبان کے عصمت اللہ شاہین گروپ کے خلاف کیا گیا۔ مارے جانے والوں میں کمانڈر عصمت اللہ شاہین کا بیٹا کمانڈر عمر شاہین‘ کمانڈر زمان عرف طوفان‘ کمانڈر واسع اور کمانڈر زلام دین شامل ہیں مارے جانے والے دہشت گرد بھتہ خوری ‘ اغواء برائے تاوان اور ڈی آئی خان ٹارگٹ کلنگ کے واقعات سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔

پاک افغان بارڈر پر بھاری توپ خانہ تعینات کردیا گیا، ایف سی نے امن وامان کے پیش نظر مزید اضافی پوسٹیں قائم کرکے اہلکار تعینات کردیئے جبکہ باب دوستی چوتھے روز بھی آمد و رفت اور نقل و حرکت کے لئے بند رہا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے پاک افغان بارڈر پر بھاری توپ خانہ تعینات کردیا گیا ہے تاکہ ممکنہ کسی بھی دہشت گردانہ حملے کا مئوثر جواب دیا جاسکے ، ذرائع کے مطابق بارڈر پر سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کردیئے گئے ہیں تاکہ افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں کیخلاف مئوثر کارروائی ہو سکے ۔

اس کے علاوہ ایف سی نے امن وامان کے پیش نظر باب دوستی پر مزید پوسٹیں قائم کرکے اہلکار کی تعداد کو بڑھا دیا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جاسکے۔ذرائع کے مطابق یہ انتظامات پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی اٹھنے والی لہر کے پیش نظر کیے گئے ہیں ۔۔دفاعی ماہر بریگیڈیئر ریٹائرڈ غضنفر علی نے کہا ہے کہ یہ پاک فوج کا بہت اچھا اقدام ہے اس سے دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے میں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر بہت طویل ہے اور اس کے ایک ایک انچ کی سیکیورٹی کرنا مشکل ہے ،ایسی صورتحال میں پاک افغان بارڈر پر سیکیورٹی سخت کر کے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو موثر طریقے سے روکا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب پاک افغان بارڈر پر ہر قسم کی آمد ورفت بند رہی جس کے باعث تجارت کے لئے آئے ہوئے ٹرکوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جنہیں ایف سی نے ایک سائیڈ پر کردیا ہے ، ۔واضح رہے کہ لاہور اور شہبازقلندر دربار پر بم دھماکوں میں سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہو گئی تھیں ۔