ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر میں کھلے مین ہول خطرے کی علامت بن گئے

جمعہ 10 فروری 2017 16:01

ٹوبہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 فروری2017ء) ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر میں کھلے مین ہول خطرے کی علامت بن گئے ، حکام ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال کر جان چھڑانے لگے ۔ ذرائع کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے بارونق علاقے شہباز چوک ، گوجرہ روڈ اور جھنگ روڈ سمیت متعدد مقامات پر گٹروں کے ڈھکن غائب ہیں اور ان میں گرنے کے باعث اب تک نہ صرف متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں بلکہ ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے مذکورہ گٹروں میں درختوں کی ٹہنیاں کھڑی کر دی ہیں تاکہ راہ گیر ہوشیار رہیں ۔ اس سلسلے میں میونسپل کمیٹی کے دفتر میں رابطہ کیا گیا تو وہاں موجود اہلکاروں کا کہنا تھا کہ تمام مین ہول پی ٹی سی ایل کے ہیں اور ان پر ڈھکن لگانا بھی اس کی ذمہ داری ہے ، پی ٹی سی ایل حکام کو متعدد بار مراسلے بھی ارسال کیے گئے لیکن صورت حال جوں کی توں ہے ۔ دوسری جانب پی ٹی سی ایل حکام کا کہنا ہے کہ انجینئرنگ ونگ کو مطلع کر دیا گیا ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر عامر اعجاز اکبر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں