وز یر آباد،الیکشن کمیشن کے احکامات زونل دفاتر نے ہوا میں اڑا دیئے ،احکامات کا پروانہ مرکزی اور علاقائی دفاتر کے فائلوں سے غائب

این اے 101کے رنرز اپ کوانتخابی ریکارڈ تک رسائی نہ دی گئی،تھیلوں سے بیلٹ پیپرز غائب ہونے کا اندیشہ الیکشن کمیشن اسلام آباد کا احکامات کا پروانہ غائب ہونے کی انکوائری اور دوبارہ لیٹر جاری کرنے کا عندیہ

جمعہ 2 دسمبر 2016 18:45

وزیرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات زونل دفاتر نے ہوا میں اڑا دیئے ۔احکامات کا پروانہ مرکزی اور علاقائی دفاتر کے فائلوں سے غائب۔ حلقہ این اے 101کے رنرز اپ کوانتخابی ریکارڈ تک رسائی نہ دی گئی۔تھیلوں سے بیلٹ پیپرز غائب ہونے کا اندیشہ۔الیکشن کمیشن اسلام آباد نے احکامات کا پروانہ غائب ہونے کی انکوائری کرنے اور دوبارہ لیٹر جاری کرنے کا عندیہ دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے 6ماہ قبل رنرز اپ محمد احمد چٹھہ کی درخواست پر انہیں کائونٹر فائلوں سمیت انتخابی ریکارڈ تک رسائی دینے کا حکم دیا تھا۔رنرز اپ امیدوار محمد احمد چٹھہ اسلام آباد، لاہور اور گوجرانوالہ کے درمیان شٹل کاک بن گئے۔یہ تفصیلات حلقہ این اے 101سے ضمنی الیکشن کے رنرز اپ محمد احمد چٹھہ نے اپنے وزیرآباد کے مرکزی دفتر میں اخبار نویسوں کو بریفنگ کے دوران بتائیں۔

(جاری ہے)

محمد احمد چٹھہ کی بتائی گئی تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 6ماہ قبل ان کی درخواست پر حلقہ این اے 101میں کائنٹر فائل سمیت تمام انتخابی ریکارڈ تک رسائی کا حکم دیا تھا اور اس سلسلے میں ایک پروانہ بنام الیکشن کمیشن گوجرانوالہ، الیکشن ٹربیونل لاہور اور متعلقہ ریٹرننگ افسر کوجاری کیا تھا جسکے بعد مکمل خاموشی چھا گئی۔

الیکشن کمیشن سے دوبارہ رابطہ کیا گیا تو ریکارڈ فائل کا معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ احکامات کا پروانہ فائل سے غائب ہے جبکہ الیکشن کمیشن گوجرانوالہ ، ریٹرننگ افسر اور لاہور آفس نے بھی حیلے بہانوں سے کام لینے کا رویہ اختیار کئے رکھا۔الیکشن کمیشن کو 22مارچ کے حلقہ این اے 101میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے بعد متعلقہ ریکارڈ کا معائنہ کرنے کی درخواست دی تھی کیونکہ سیکشن 45کے تحت امیدوار کو حق حاصل ہے کہ وہ بیلٹ پیپر کی کائونٹر فائل کا معائنہ کر سکتا ہے۔

محمد احمد چٹھہ نے بتایا کہ فارم 14کا جو 96فیصد ریکارڈ ان کے پاس ہے اس کے مطابق وہ جیتے ہوئے ہیں۔فارم 15اور کائونٹر فائل کے معائنہ کے بعد صورتحال واضح ہو جائے گی۔کائونٹر فائل اور فارم 15کا معائنہ کرنے کے لئے درخواست دی جو منظو ر کر لی گئی تھی لیکن الیکشن کمیشن گوجرانوالہ ، اور ریٹرننگ افسر نے الیکشن کمیشن اسلام آباد کی جانب سے جاری حکم نامہ کی کاپی غائب کر دی۔

انہوں نے بتایا کہ شک ہے تھیلوں سے بیلٹ پیپر بھی غائب یا بد ل دیئے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر کو ایک ہفتہ قبل یاد دہانی کرائی گئی تھی ۔ مرکزی دفتر کے ریکارڈ سے بھی آرڈر کی کاپی غائب ہے جبکہ کمپیوٹر سے پتہ چلتا ہے کہ پروانہ متعلقہ دفاتر کو بھیج دیا گیا تھا۔اب الیکشن کمیشن نے ایک ہفتہ میں دوسرا پروانہ جاری کرنے اور پروانہ غائب ہونے کی انکوائری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں