وزیرآباد ، محنت کش کا دو سالہ بچہ پانی میں گر کر طبی امداد کے بغیر ہی جاں بحق

جمعرات 22 دسمبر 2016 22:04

وزیرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 دسمبر2016ء) نواحی موضع کھیوے والی میں محنت کش کا دو سالہ بچہ پانی میں گر کر طبی امداد کے بغیر ہی جاں بحق۔زمیندار نے بچے کو ہسپتال پہنچانے اور ادویات کے لئے مالی مدد دینے سے انکار کر دیا تھا۔غریب محنت کش اپنے بچے کو اپنے ٹوٹے پھوٹے موٹر سائیکل پر بٹھا کر ہسپتال کے لئے روانہ ہوا تو پٹرول ختم ہو گیا اور جیب میں پیسے بھی نہ تھے۔

تفصیلات کے مطابق ساہیوال کا محنت کش محمد ریاض وزیرآباد کے قریب موضع کھیوے والی میں زمیندار کی زمینوں پر زرعی مزدور کے طور پر کام کرتا ہے۔ڈیرے پر قریب ہی بھینسوں کو پانی پلانے کے چھوٹا سا تالاب بنایا گیا تھا۔محنت کش کا دو سالہ بچہ محسن چلتا ہو ا پانی میں جا گرا اور بے ہوش ہو گیا۔

(جاری ہے)

بچے کی والدہ نے زمیندار کی منت سماجت کی کہ اس کے بچے کو ہسپتال پہنچایا جائے لیکن زمیندار نے انکار کر دیا اور درخواست کے باوجود مالی مدد بھی نہ کی اور ٹرخا دیا۔

محمد ریاض اپنے ٹوٹے پھوٹے موٹر سائیکل پر ہی اپنے بے ہوش بچے اور بیوی کو بٹھا کر روانہ ہو گیا۔ محنت کش کے پاس پیسے تھے نہ موٹر سائیکل میں ضرورت کے مطابق پٹرول۔موٹر سائیکل میں پٹرول ختم ہوا تو محنت کش نے قریبی پٹرول پمپ پر منت سماجت کر کے تھوڑا سا پٹرول مانگا جو اسے دے دیا گیا۔ جب محنت کش ریاض اپنے بچے کو لے کر ہسپتال پہنچا تو دیر ہو چکی تھی اور بچہ طبی امداد ملنے سے قبل ہیں دم توڑ گیا۔بعد ازاں وزیرآباد میں بعض نوجوانوں نے متاثرہ والدین کی مالی مدد کی اور بچے کی نعش کو موضع کھیوے والی ان کے گھر پہنچایا۔

متعلقہ عنوان :

وزیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں