وزیر آباد، ریورس ہو تی ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل میں تصادم، ماں بیٹا اور بیٹی جاں بحق ،شوہر شدید زخمی

جمعہ 6 جنوری 2017 19:41

وزیرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جنوری2017ء) وزیرآباد کے نواحی موضع ٹھٹھہ فقیر اللہ میں ریورس ہو تی ہوئی ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل کے تصادم کے نتیجے میں ماں بیٹا اور بیٹی جاں بحق جبکہ شوہرآصف شدید زخمی ہوگیا۔ تمام فیملی محفل میلاد میں شرکت کے لئے جا رہے تھے تفصیلات کے مطابق موضع دھیر کے (ضلع گجرات) کا محمد آصف ولد محمد بشیر اپنی حاملہ اہلیہ 30سالہ مریم، 4سالہ بیٹی زینب اور 3سالہ محمد علی کے ہمراہ اپنے موٹر سائیکل نمبر GTK 1840پر اپنی سسرال موضع ٹھٹھہ فقیر اللہ میں محفل میلاد میں شرکت کے لئے جا رہے تھے۔

بائی پاس روڈ سے ٹھٹھہ فقیر اللہ کی جانب سڑک پر مڑے۔ سڑک پر ٹریکٹر ٹرالی ریورس ہو رہی تھی جسے دیکھ کر آصف نے موٹر سائیکل روک لی۔

(جاری ہے)

ٹریکٹر ٹرالی تیزی کے ساتھ ریورس ہو تی دیکھ کر بعض افراد نے شور بھی مچایا لیکن پٹھان ڈرائیور نے نہ سنا اور تیز رفتاری سے موٹر سائیکل کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں دو بچے زینب اور محمد علی موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ محمد آصف اور اسکی حاملہ اہلیہ مریم شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر وزیرآباد ہسپتال پہنچایا گیا۔

گائنی ڈاکٹر دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے مریم کو مطلوبہ طبی امداد نہ مل سکی۔دونوں کو گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا لیکن مریم راستے میں ہی دم توڑ گئی ۔ محمد آصف کو گوجرانوالہ ہسپتال میں داخل کر ا دیا گیا۔صدر پولیس وزیرآباد نے ٹریکٹر ٹرالی نمبر BNL7969 اور موٹر سائیکل اپنے قبضے میں لے لئے جبکہ ٹریکٹر ٹرالی کے مالک افسر خان اور ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

وزیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں