بار ایسوسی ایشن وزیرآباد کا الیکشن ملتوی،وکلاء کا ترمیم شدہ ووٹر لسٹ آنے پر احتجاج

ہفتہ 14 جنوری 2017 20:47

وزیرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2017ء) بار ایسوسی ایشن وزیرآباد کا الیکشن ملتوی،وکلاء کا ترمیم شدہ ووٹر لسٹ آنے پر احتجاج۔ بیلٹ بکس توڑ دیا گیا اور بیلٹ پیپر پھاڑ دیئے گئے۔وکلاء کے درمیان ہاتھا پائی اور مار پیٹ۔ مقامی نجی کالج کے طلباء کی مداخلت اور توڑ پھوڑ ۔ دس طلباء حوالات میں بند۔الیکشن بورڈ نے پنجاب بار کونسل کی مشاورت سے دوبارہ انتخابات کے لئے 21جنوری کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب بار کونسل نے بار ایسوسی ایشن وزیرآباد کے انتخابات کے لئے پہلے مرحلے میں 585ممبران پر مشتمل غیر حتمی ووٹر لسٹ جاری کی جس میں سے بار چھوڑ کے جانے والوں کو نکالنے کے بعد 554ممبران کی حتمی ووٹر لسٹ جاری کی۔ انتخابات سے 3روز قبل بار کونسل نے 499ممبران کی ترمیم شدہ فہرست جار کر دی۔

(جاری ہے)

55ایسے ممبران کو اس بنیاد پر فہرست سے خارج کیا گیا کہ انہوں نے بار فیس کی ادائیگی نہیں کی تھی۔

نئی فہرست کا علم پولنگ والے دن ہوا جس پر نکالے گئے وکلاء نے احتجاج کیا اور ترمیم شدہ فہر ست کو مسترد کر دیا کہ انہوں نے بار فیس با قاعدہ ادا کی جس کی رسیدیں ان کے پاس موجود ہیں تاہم انہیں ووٹ دینے کی اجازت نہ دی گئی۔ جس کے بعد خار ج کئے جانے وکلاء کا اجلاس ہوا اور حالات و واقعات اور نئی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ احتجاجی وکلاء پولنگ کے کمرے میں گئے اور حتمی فہرست میں ترمیم کو مستر د کر دیااور پولنگ میں روکاوٹ ڈالی۔

مخالف وکلاء نے مزاحمت کی جس کے نتیجے میں وکلاء میں ہاتھا پائی اور مار پیٹ شروع ہو گئی۔بتایا جاتا ہے کہ ایک نجی کالج کے کچھ طلباء نے انتخابی عمل میں نہ صرف روکاوٹ ڈالی بلکہ پولنگ کے کمرہ میں توڑ پھوڑ بھی کی۔طلباء موقع سے فرار ہو گئے جبکہ کچھ طلباء کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔طلباء میں ایک صدارتی امیدوار کا بیٹا بھی شامل ہے۔

احتجاجی وکلاء نے بیلٹ بکس توڑ دیا اور بکس کو اٹھا کر احاطہ میں پھینک دیا اور بیلٹ پیپر پھاڑ دیئے۔ سول کورٹ کے احاطہ میں پہلے ہی بھاری پولیس تعینات کی گئی تھی جس نے سول کورٹ کے ایک داخلی راستے کے سوا سیکورٹی سخت کرنے کے لئے تمام داخلی راستے بند کر دیئے۔بعدازاں ڈی ایس پی رانا شبیر احمد ، ایس ایچ او سٹی پولیس ملک افضل اور سب انسپکٹر اقبال چیمہ بھی پہنچ گئے اور طلباء کو حراست میں لے لیا۔

بعض وکلاء کا کہنا تھا کہ بار ایسوسی ایشن وزیرآباد کے 300ایسے ممبران بھی ہیں جن کو صرف الیکشن کے موقع پر ہی دیکھا جاتا ہے۔الیکشن بورڈ کے ممبران چیئرمین اسرار الحق چیمہ ۔ چوہدری اللہ دتہ چیمہ، زاہد فاروق اور بشارت سندھو نے حالات کے پیش نظر انتخابی عمل کو معطل کر کے پنجاب بار کونسل کو مطلع کر دیا۔ پنجاب بار کونسل نے انتخابات کو ملتوی کر کے دوبارہ الیکشن کے لئے 21جنوری کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ممبر الیکشن بورڈ چوہدری اللہ دتہ نے تصدیق کی ہے کہ انتخابات کو ملتوی کرکے نئی تاریخ 21جنوری مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کے عمل میں روکاوٹ ڈالنے والے نجی کالج کے جن طلباء کو پولیس نے حراست میں لیا ہے ان کے خلاف قانون کے مطابق کار روائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

وزیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں