شاعر محمد عارف کی مرتب کردہ نئی کتاب ”رنگ برنگی کہانیاں“ شائع ہو گئی

جمعرات 28 جولائی 2016 13:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 جولائی۔2016ء) نواجوان مزاح نگار شاعر محمد عارف کی مرتب کردہ 84صفحات پر مشتمل نئی کتاب ”رنگ برنگی کہانیاں“ خوبصورت سرورق ، آرٹسٹ محمد ندیم اور انجم شہزاد کی چہار رنگ تصاویر اور بہترین طباعت کے ساتھ نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے شعبہٴ مطبوعات کے زیر اہتمام شائع ہو گئی ہے۔ قیمت 100روپے ہے جسے ریڈرز کلب کے ممبران 55 فی صدرعایت پر صرف 45روپے کے عوض خرید سکتے ہیں۔

اس کتاب میں محمد عارف نے چراغ حسن حسرت کی گیارہ لوک، رزیہ، اسلامی ، تاریخی، نیم تاریخی اور دیو مالائی کہانیوں کو یکجا کر کے بچوں کو قدیم رسوم و رواج ، روایات اور ثقافت سے آگاہ کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ یہ کتاب بچوں کے لیے ایک تحفہ ہے۔ چراغ حسن حسرت ایک صاحبِ طرز ادیب و شاعر اور انشا پرواز تھے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کئی اصناف میں لکھا اور شعر و ادب پر اپنے نقوش چھوڑے۔

بے عیب و بامحاورہ نثر اُن کی پہچان ہے۔اس کتاب کے مرتب محمد عارف بیچلر آف ٹیکنالوجی الیکٹرونکس اینڈ ٹیلی کام اور ایم اے ،ایم فل اُردوہیں۔ ان کی دو کتابیں ”مزاحیہ غزل کے خدوخال“ اور ”مردم دیدہ“ کے نام سے منظرِ عام پر آکر قارئین سے خراجِ تحسین پا چکی ہیں۔ مزاحیہ شاعری اور خاکہ نگاری محمد عارف کے خصوصی قلمی و علمی میدان ہیں۔۔
وقت اشاعت : 28/07/2016 - 13:17:15