ہدایت کار ہ مہرین جبار کا مزاحیہ ڈرامہ ”جیکسن ہائٹس“15 ستمبر سے اردو ون چینل سے نشر کیا جائے گا

منگل 2 ستمبر 2014 12:10

ہدایت کار ہ مہرین جبار کا مزاحیہ ڈرامہ ”جیکسن ہائٹس“15 ستمبر سے اردو ون چینل سے نشر کیا جائے گا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 ستمبر۔2014ء)ہدایت کار ہ مہرین جبار کا مزاحیہ ڈرامہ ”جیکسن ہائٹس“15 ستمبر سے اردو ون چینل سے نشر کیا جائے گا۔ڈرامے کی عکس بندی نیو یارک میں کی گئی ہے ڈرامے میں بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو پیش آنے والے مسائل کوموضوع بنایا گیا ہے۔جیکسن ہائٹس کے نمایاں اداکاروں میں نعمان اعجان، مرینہ خان، آمنہ شیخ، عدیل حسین، علی کاظمی اور عدنان جعفر شامل ہیں۔

ڈرامہ جیکسن ہائٹس نیو یارک کا علاقہ ہے جہاں زیادہ تر جنوبی ایشیائی تارکین وطن رہتے ہیں۔ نعمان اعجاز کا کردار ایک ٹیکسی ڈرائیور کا ہے جس نے ایک امریکی خاتون سے شادی کر رکھی ہے۔مرینہ خان آخری بار 'تنہائیاں نئے سلسلے' میں دکھائی دی تھیں 'جیکسن ہائٹس' میں مرینہ کے پرستار انھیں ایک ریستوران کی عیسائی مالکہ کے روپ میں دیکھیں گے۔

(جاری ہے)

ورسٹائل اداکار آمنہ شیخ سیلون میں کام کرنے والی ورکر کے کردار میں دکھائی دیں گی جبکہ عدیل حسین کا کردار آنکھوں میں سنہرے مستقبل کے خواب سجائے امریکہ پہنچنا ہے۔

علی کاظمی کو ایک ناکام ٹھگ کے کردار میں منتخب کیا گیا ہے جبکہ عدنان جعفر کو ایک ہندوستانی مسلم بینکار کا کردار دیا گیا ہے جو اپنی دل پسند خاتون کو اپنے دل کی بات بتانے سے قاصر رہتا ہے۔مہرین جبار کو اس ڈرامے کا خیال نیو یارک میں ایک اور ڈرامے کی عکس بندی کے دوران آیا تھا، اسے ڈرامہ سیریل کی شکل دینے کے لیے واسع چوہدری کی خدمات حاصل کی گئیں۔واضح رہے کہ واسع چوہدری کالج جینز، میں ہوں شاہد آفریدی اور جٹ اینڈ بونڈ کے مصنف کی حیثیت سے شہرت رکھتے ہیں۔

وقت اشاعت : 02/09/2014 - 12:10:39

Rlated Stars :