روشن آرا بیگم ،عزیز میاں ، نجمہ محبوب کی برسی کل منائی جائیگی

پیر 5 دسمبر 2016 13:13

روشن آرا بیگم ،عزیز میاں ، نجمہ محبوب کی برسی کل منائی جائیگی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) کلاسیکل گلوکارہ روشن آراء بیگم ، معروف قوال عزیز میاں اور اداکارہ نجمہ محبوب کی برسی کل ( منگل ) منائی جائے گی ۔تینوں فنکاروں کے مداح اور اہلخانہ انکی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی محافل کا انعقاد کریں گے ۔ملکہ موسیقی کا لقب پانیوالی روشن آراء بیگم 1917 ء میں پیدا ہوئیں۔

انہوں نے سینکڑوں فلموں میں پلے بیک سنگر کے طور پر بھی اپنا لوہا منوایا۔کلاسیکی موسیقی کی ملکہ روشن آرا بیگم 6ستمبر1982 ء کو اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ کرانتقال کرگئیں جبکہ معروف قوال عزیز میاں کو اس دنیا سے رخصت ہوئے 16برس بیت گئے ۔وہ اپنی قوالیوں میں رومی اور علامہ اقبال کی شاعری بکثرت استعمال کرتے تھے ۔ انہیں 1989ء میں پرائڈ آف پرفارمنس دیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہیں شاہ ایران رضا شاہ پہلوی کے سامنے یادگار پرفارمنس پر گولڈ میڈل سے نوازا گیا ۔عزیز میاں قوال نے اپنی کئی قوالیاں خود تحریر کی تھیں ۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے فارسی ، اردو اور عربی میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کی تھیں ۔ عزیز میاں قوال 6دسمبر 2000ء کو علالت کے باعث 58برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے ۔ فلم اور ٹی وی کی سینئر اداکارہ نجمہ محبوب کی 33ویں برسی بھی آج منائی جائیگی ۔نجمہ محبوب 6دسمبر 1983ء کو ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ہاتھ پائوں باندھ کر ٹرین کی پٹری پر لیٹ کر سین عکسبند کروا رہی تھیں کہ اچانک ٹرین آگئی جس کے نیچے آ کر وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں ۔
وقت اشاعت : 05/12/2016 - 13:13:49