ایڈن پارک آکلینڈ کھیلے گئے اس افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے عالمی چمپئن آسٹریلیا کی ٹیم کو 37رنز سے ہرا دیا۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 6وکٹوں پر 248رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات مارٹن کرو کی شاندار سنچری تھی جو 100رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ردر فورڈ نے 57رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے میکڈر موٹ نے 43رنز دے کر 2وکٹ لئے۔ جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 48.1اوورز میں 211رنزبنا کرآؤٹ ہوگئی ڈیوڈ بون کی شاندار سنچری بھی آسٹریلیا کو شکست سے نہ بچا سکی وہ 100رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے لارسن نے 30رنز دے کر 3وکٹ لئے۔ مارٹن کروکومین آف دی میچ قراردیا گیا۔