اعجازوسیم باکھری :
قذافی سٹیڈیم میں 35ہزار شائقین کی موجودگی میں مسلسل تیسری بار سیالکوٹ سٹالینز نے ڈومیسٹک قومی ٹونٹی ٹونٹی کپ جیت لیا ہے۔شعیب ملک کی قیادت میں سیالکوٹ کی ٹیم نے فائنل میں روایتی حریف شاہد آفریدی کی قیادت میں کراچی ڈولفنز کو 7وکٹوں سے روندڈالا۔یہ دوسرا موقع ہے جب ٹونٹی کپ کے فائنل میں کراچی ڈولفنزکو سیالکوٹ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا اس سے قبل گزشتہ ایونٹ میں نیشنل سٹیڈیم کراچی میں عمران نذیز کی قیادت میں سیالکوٹ سٹالینز نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔قذافی سٹیڈیم کے برقی قمقموں میں کھیلے گئے میچ میں آفریدی الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9وکٹوں پر125رنز اسکور کیے۔ فواد عالم 40، خالد لطیف 15، نعمان الله14جبکہ کپتان شاہد آفریدی اور طاہر خان 12،12رنز بنا کر نمایاں اسکورر رہے ۔ سیالکوٹ اسٹالینز کی جانب سے کپتان شعیب ملک نے صرف2رنز جبکہ سرفراز احمد نے 23رنز دیکر 2،2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد سیالکوٹ اسٹالینز نے آخری اوورز کی چوتھی گیند پر 3وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کر لیا ۔ شعیب ملک 39اور ان کے ہمراہ چھوٹے بھائی عدیل ملک 23رنز بنا کر ناقابل شکست رہے کامران یونس 31اور قیصر عباس 19رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے کراچی کیجانب سے واحد وکٹ شاہد آفریدی نے 19رنز کے عوض لی ۔ فاتح ٹیم کے شعیب ملک آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ سیالکوٹ اسٹالینز کو ٹورنامنٹ جیتنے پر پی سی بی چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی نے ٹرافی اور25لاکھ روپے جبکہ رنر اپ کراچی ڈولفنز کو15لاکھ روپے اور ٹرافی دی گئی ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین لاہور لائنز کے سلمان بٹ ، بہترین بولر سیالکوٹ کے سرفراز احمد ، بہترین فیلڈر نعمان علی ، بہترین وکٹ کیپر سرفرا ز احمد ،محمد سلمان اور علی رضا قرار پائے ۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ کی ٹیم کے بارے میں کہا جارہا تھا کہ وہ اپنے سٹارز کی غیر موجودگی اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی کیونکہ سیالکوٹ کی ٹیم میں واحد سٹار شعیب ملک تھے دیگر تمام کھلاڑیوں میں کوئی ایسا بڑا نام شامل نہیں ہے جو سٹار کہلوانے کا حقدار ہو کیونکہ سیالکوٹ کی ٹیم کے بیشتر کھلاڑی قومی سلیکٹرز کی جانب سے نظر انداز کرنے پر باغی لیگ آئی سی ایل جوائن کرچکے ہیں جن پر پاکستان میں کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد ہے ان کھلاڑیوں میں عمران نذیر ،محمد آصف ، رانا نوید الحسن ، شاہد نذیر اور شاہدیوسف جیسے بہترین کھلاڑی آئی سی ایل جوائن کرنے کے جرم میں پاکستان میں شجرممنوعہ قراردیئے جاچکے ہیں ایسے حالات میں شعیب ملک کی قیادت میں سیالکوٹ کی کامیابی ایک بہت بڑی فتح ہے کیونکہ کراچی کی ٹیم میں شاہد آفریدی سمیت سہیل خان ، فواد عالم ، انور علی ، خالدلطیف اورخرم منظور اور سرفراز احمد جیسے قومی ٹیم کے سٹارکھلاڑیوں کی موجودگی شعیب ملک نے اپنی ٹیم بہترین طریقے سے قیادت کی اور اپنے بارے میں قائم ہونیوالے تمام غلط تاثرات کو ختم کردیا۔ٹونٹی ٹونٹی کپ کے کامیاب انعقاد سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان کرکٹ کیلئے ایک محفوظ مقام ہے اور یہاں کے شائقین کرکٹ کے دلداہ ہیں۔قذافی سٹیڈ میں ہزاروں شائقین نے فائنل میچ میں شرکت کرکے بیرونی دنیا کا یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان میں آج بھی کرکٹ زند ہ ہے۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے کھلاڑی چارملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے کینیڈا روانہ ہوگئے ہیں جہاں پاکستان ،سری لنکا، زمبابوے اور میزبان کینیڈا کی ٹیمیں ٹونٹی ٹونٹی کپ میں شرکت کرینگی۔کینیڈا روانہ ہونیوالی ٹیم میں تجربہ کار بیٹسمین محمد یوسف کوشامل نہیں کیا گیا تاہم شعیب اختر اور عمر گل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ 10اکتوبر سے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں شروع ہونے والے چار ملکی ٹورنامنٹ کیلئے 15رکنی پاکستانی ٹیم میں شعیب ملک (کپتان)، مصباح الحق (نائب کپتان) ، سلمان بٹ ، یونس خان ، شاہد آفریدی ، کامران اکمل (وکٹ کیپر) ، سہیل تنویر ، شعیب اختر ، عمر گل ، فواد عالم ، سہیل خان ، خالد لطیف ، عبد الرؤف ، شعیب خان اور انور علی شامل ہیں ۔