اعجازوسیم باکھری:
فیصل بینک ٹونٹی ٹونٹی کپ کا میلا قذافی سٹیڈیم لاہور میں پوری آب و تاب سے جاری ہے۔گزشتہ چار دن سے سجے اس میلے کو دیکھنے کیلئے شائقین کا ایک سمند ر ہے جو ہرروز قذافی سٹیڈیم کا رخ کرتا ہے ۔ دلچسپ ، سنسنی خیزاور اعصاب شکن کرکٹ مقابلوں نے نہ صرف شائقین کے اداس چہروں پر خوشی بکھیر دی ہے بلکہ ایک طویل عرصے سے کرکٹ کو ترستے دیوانوں کو بھر پور تفریح بھی فراہم کی۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان میں غیر ملکی ٹیمیں نہیں آرہی یہی وجہ ہے کہ ڈومیسٹک لیول پر ہونیوالے میچز کو دیکھنے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں شائقین سٹیڈیمز کا رخ کرتے ہیں اور اس بار قذافی سٹیڈیم میں بھی پی سی بی اور فیصل بینک کے زیر اہتمام ہونیوالے ٹورنامنٹ میں بھی شائقین کا جو ش خروش دیدنی ہے۔
ٹونٹی ٹونٹی کپ کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا ہے اور ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل آج کھیلے جائیں گے۔ پہلے راؤنڈ میں جہاں شائقین کو دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے وہیں کئی بڑے اپ سیٹ بھی دیکھنے کو ملے ۔ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ گزشتہ روز اس وقت ہوا جب راولپنڈی ریمز نے دفاعی چیمپئن سیالکوٹ سٹالینز کو 13رنز سے شکست دیکر گھر کی راہ دکھا دی ۔یا سر عرفات اور سہیل تنویر جیسے سٹارز سے سجی راولپنڈی ریمز نے نہ صرف سٹالینز کیخلاف کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی بلکہ شعیب ملک کی قیادت میں سیالکوٹ سٹالینز کی پانچ سالہ باد شاہت کا بھی خاتمہ کردیا ۔سیالکوٹ نے قومی ٹونٹی ٹونٹی چیمپئن شپ کے گزشتہ مسلسل پانچ ٹائٹل جیتے جبکہ فیصل آباد کو صر ف ایک ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے اور اس بار یہ دونوں ٹیمیں پہلے راؤنڈ سے ہی باہر ہوگئیں ہیں ۔ یونس خان کی قیادت میں پشاور کی ٹیم مضبوط ترین ٹیم سمجھی جارہی تھی تاہم اپنی شادی کی مصروفیات کی وجہ سے عمرگل ٹورنامنٹ میں شریک نہ ہوسکے جس کا پشاور کی ٹیم کو سخت نقصان اٹھانا پڑا اور وہ بھی پہلے راؤنڈ سے باہر ہوگئے ۔عبدالرؤف کی قیادت میں ملتان ٹائیگرز کی ٹیم نے دو میچز میں کامیابی حاصل کی تاہم محمدیوسف کی قیادت میں لاہور لائنز کے ہاتھوں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔لاہور لائنز نے ماضی کے ٹورنامنٹس کے برعکس اس بار شاندار کھیل پیش کیا اور اپنے تینوں میچز میں کامیابی حاصل کی ۔شاہد آفریدی کی قیادت میں کراچی ڈولفنز نے اس بار قدرے بہتر پرفارم کیا تاہم بولنگ میں آفریدی کی ٹیم محمد سمیع اور سہیل خان کی موجودگی کے باوجود کمزور نظر آئی۔پہلے راؤنڈ کے آخری لیگ میچ میں کراچی ڈولفنز نے لاہو ر ایگلز کے خلاف 35رنز سے کامیابی تو حاصل کی تاہم لاہور ایگلز کے بیٹسمینوں کے سامنے کراچی کے باؤلر بے بس نظر آئے ۔کراچی ڈولفنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 243رنز بنائے۔ شاہ زیب حسن نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے لاہوری باؤلرز کا خوب بھرکس نکالا، شاہ زیب نے صرف 61گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 13چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے 101رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شاہد آفریدی نے 18گیندوں پر4چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 48جبکہ خالد لطیف نے 55رنز کی اننگز کھیلی۔ کراچی ڈولفنز کا 243رنز کا مجموعہ پاکستان ڈومیسٹک ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کا سب سے بڑا اور انٹرنیشنل ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کا دوسرا بڑا ٹوٹل ہے ، پہلے نمبر پر سری لنکن ٹیم ہے جس نے بیس اوورز میں 261رنز بنارکھے ہیں ۔آخری لیگ میچ میں کراچی کی جانب سے پہاڑ رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہورایگلز کے بلے بازوں نے بھر پور مزاحمت کی اور شائقین کو زبردست تفریح فراہم کی۔ عمران فرحت نے 53جبکہ نوجوان بیٹسمین علی عظمت نے پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 38گیندوں پر 69رنز کی اننگز کھیلی۔ مجموعی طور پر اس میچ میں 23چھکے لگے جبکہ دونوں ٹیموں نے کل ملاکر چالیس اوورز میں 451رنز بنائے جوکہ قومی سطح کا ایک ریکارڈ ہے۔
فیصل بینک ٹونٹی ٹونٹی کپ کے دونوں سیمی فائنل آج کھیلیں جائیں گے ۔ سہ پہر تین بجے پہلے سیمی فائنل میں شعیب اختر کی قیادت میں اسلام آباد لیپرڈز محمدیوسف کی قیادت میں لاہور لائنز کا مقابلہ کریگی جبکہ شام سات بجے شاہد آفریدی کی قیادت میں کراچی ڈولفنز کا مقابلہ راولپنڈی ریمز سے ہوگا۔