اعجاز وسیم باکھری:
شاہد آفریدی اور محمد یوسف کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میں مات دیکر سیریز میں 2-1سے برتری حاصل کرلی ہے۔فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے کھیل کے تما م شعبوں میں متاثر کن کھیل پیش کیا اور ایک شاندار فتح اپنے نام کی ۔بولنگ میں پاکستانی بولرز نے نپی تلی گیندبازی کی اور مہمان ٹیم کو محض195رنز تک محدود رکھا پاکستان کی جانب سے مین آف میچ شاہد آفریدی اور راؤافتحا ر نے تین تین وکٹیں حاصل کیں عمرگل نے بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے اپنی شاندار بولنگ کا تسلسل برقرار رکھا۔بیٹنگ میں شاہد آفریدی طوی عرصے بعد شائقین کو اوپنر کے روپ میں نظر آئے اور وکٹ پر آتے ہی انہوں نے اپنی نیچرل کرکٹ کھیلی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف خوبصورت شارٹ کھیل کر مہمان بولرز کو حواس باختہ کردیا ۔آفریدی نے محض18گیندوں پر 32رنز سکور کیے جبکہ فیلڈنگ میں شاہد آفریدی نے اے بی ڈی ویلیئر ز کا خوبصورت لیکر شائقین کی زبردست داد صول کی۔پاکستان کی جانب سے محمد یوسف نے ایک اور بہترین اننگز کھیل کر اپنی شاندار بیٹنگ پرفارمنس کے سلسلے کو برقرار رکھا ۔یوسف نے58رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف چار وکٹوں پر پورا کرکے نہ صرف فیصل آباد ون ڈے چھ وکٹوں سے جیت لیا بلکہ پانچ میچز کی سیریز میں 2-1سے برتری بھی حاصل کرلی ہے۔میں نے گزشتہ کئی اپنے تبصروں قومی ٹیم کی اوپننگ جوڑی کے بارے میں ذکر کیا کہ ٹیم مینجمنٹ بار بار اوپنر تبدیل کرکے نہ صرف اوپنر کا تشخص خراب کررہی ہے بلکہ ٹیم کو ابھی تک کوئی مستند اوپننگ جوڑی بھی نہیں مل سکی مگر یہ ایک خوش آئند بات ہے کہ ٹیم انتظامیہ نے شدید دباؤ کے بعد شاہد آفریدی پر اعتماد کیا اور ایک بار پھر وہ طویل عرصے بعد اوپنر کی حیثیت سے گراؤنڈ آئے اور انہوں نے دیگر اوپنرز کے مقابلے میں بہترکھیل پیش کیا اور ٹیم کو ایک آسان فتح دلانے میں بہترین راہ تلاش کرکے دی۔قومی ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز اتنا زیادہ اہمیت کی حامل نہیں ہے جتنا کہ پاکستان کا دورہ بھارت ہے۔بھارت پاکستان کا روایتی حریف ہے اور پاکستان ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا بھی سامنا کرچکا ہے اس لیے پا ک بھارت کے مقابلے انتہائی دلچسپ ہونگے۔قومی ٹیم کیلئے جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز اپنی غلطیاں بھانپنے کیلئے بہترین موقع ہے جس کا ٹیم انتظامیہ نے پہلے تو فائدہ نہیں اٹھایا مگر فیصل آباد ون ڈے میں شاہد آفریدی اور یاسر حمید کی جوڑی کو آزما نے کا بہترین فیصلہ کیا گیا جو کہ دورہ بھارت کیلئے قومی کی مشکلات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔محمد آصف ان دنوں معمولی زخمی ہیں ٹیم مینجمنٹ دورہ بھارت کے پیش نظر اسے کھیلانے کا رسک لینے کو تیار نہیں ہے جبکہ شعیب اختر کے بارے سننے میں آرہا ہے کہ انہیں دورہ بھارت کیلئے ٹیم کے ساتھ لیجانے کا فیصلہ کرلیا گیا اور شعیب اختر نے ان دنوں دورے کی تیاری بھی شروع کر رکھی ہے ۔گزشتہ روز فاسٹ بولر نے قائد اعظم ٹرافی میں پانچ وکٹیں حاصل کیں کرکے اپنی فٹنس ثابت کردی۔شعیب اختر پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا بولر ہے مگر بدقسمتی سے وہ ہمیشہ تنازعات کا شکار رہے ہیں جس کا پاکستان کرکٹ کو شدید نقصان پہنچاہے ۔کرکٹ بور ڈ سمیت شعیب اختر کو بھی چاہیے کہ وہ کچھ کرنے سے پہلے ملکی مفاد کو سامنے رکھ کر کوئی اقدام اٹھائے تاکہ پاکستان جگ ہنسائی کا سبب نہ بنے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین چوتھا میچ26اکتوبر کو ملتان میں کھیلا جائیگا پاکستا ن یہ میچ جیت کر سیر یز اپنے نام کرسکتا ہے ۔گزشتہ دو میچز میں پاکستان نے جس طرح متاثر کن کھیل پیش کیا ہے اس سے ٹیم کا مورال کافی حد تک بلندہوا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ قومی ٹیم جنوبی افریقہ کو شکست دیکر بھارت کے دورے کیلئے خود میں اعتماد میں پیدا کریگی۔