اعجازوسیم باکھری:
کرکٹ کی عالمی جنگ آج موہالی میں ہوگی۔ طویل عرصہ بعد پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے مدمقابل آرہے ہیں اور دلچسپ امریہ ہے دونوں ٹیمیں کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں ایک دوسرے کے دست وگربیاں ہونگی۔گزشتہ رات موہالی میں ہونیوالی بارش کے باعث بھارتی ٹیم کافی پریشا ن ہوگئی ہے کیونکہ وہ انہوں نے شعیب اختر اورعمرگل کے ڈر سے سلو وکٹ بنائی تھی لیکن اب لینے کے دینے پڑسکتے ہیں اس لیے گزشتہ رات سے بھارتی ٹیم انتظامیہ کو جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ ممکن ہے آج دن ہمیں یہ میچ بڑا نہ لگے کیونکہ یہ ہمارے سامنے ہونے جارہاہے لیکن چند سال بعد اس میچ کو جب یاد کیاجائے گا تویہ بہت بڑا معرکہ محسوس ہوگا کیونکہ کچھ بھی ہو یہ ورلڈکپ کا سیمی فائنل ہے اور یہ محض سیمی فائنل ہی نہیں ایک طرح کا فائنل بھی ہے ۔ جو اس میچ میں کامیاب ہوگیا گویا اُس نے ورلڈکپ جیت لیا کیونکہ بھارت کی پاکستان کیخلاف کامیابی کسی ورلڈکپ سے کم نہیں ہوگی اور پاکستان کی بھارت پر جیت نہ صرف ورلڈکپ سے بڑی جیت ہوگی بلکہ کرڑوں پاکستانیوں کی عید بھی ہوجائے گی۔ یہ میچ پاکستانیوں کے اعصاب پرکس قدرسوار ہوچکا ہے اور اس کا اندازہ یہاں سے لگائیں کہ حکومت پاکستان نے آج پورے ملک میں دن 12بجے کے بعد تمام تعلیمی اداروں اور دفاترمیں سرکاری چھٹی کا اعلان کردیا ہے جبکہ طویل عرصہ بعد پاکستان میں لوڈ شیڈنگ بھی نہیں ہوگی۔
بھارت کیخلاف کرکٹ جنگ نے پاکستانی قوم کو متحد کردیاہے۔ تمام رنجشیں ختم ہوگئی ہیں اور پوری قوم یکجا ہو کر بھارت کیخلاف سینہ سپرہوچکی ہے۔ کیا مرد ، کیا عورتیں اور کیا بچے ۔ سب میچ کا شدت سے انتظار کررہے تھے اور ایک عجیب سی کشمکش میں مبتلا تھے بالآخر وہ دن آہی گیا جب پاکستان اور بھارت موہالی میں ایک دوسرے سے پنجہ آزمائی کررہے ہیں۔ بعض ماہرین نے آج کے معرکہ کو رواں صدی کا سب سے بڑا سپورٹس مقابلہ قرار دیا ہے اور یہ حقیقت بھی ہے کہ جس قدر اس میچ کا انتظار کیا گیا اور اسے دیکھنے کیلئے لوگ بے تاب تھے یا پھر جس طرح اس میچ کی شدت کو محسوس کیا گیا یقینی طور پر یہ رواں صدی کا ہی نہیں کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا معرکہ ہے۔اس میچ میں جس نے کامیابی حاصل کی وہ بلندیوں تک پہنچ جائیگا اور جسے شکست ہوئی وہ یتیموں کی طرح اپنی بقیہ زندگی بسرکریگا۔ بھارتی ٹیم بھلے ہی مضبوط سہی ، اُس کا اپنا گھرسہی لیکن یہاں پاکستان میں اور جہاں جہاں پاکستانی رہتے ہیں وہ اس قدر مطمئن نظرآرہے ہیں کہ جیسے وہ کامیاب ہوچکے ہیں حالانکہ بھارتی عوام ایک طرف پاکستان کو اپنا جوڑ ہی نہیں سمجھتی تودوسری جانب ان کے چہرے خوف سے سیاہ ہوچکے ہیں۔ انہیں ایک طرح کا ڈرہے اور وہ گھبراچکے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ وقت بدل چکا ہے اور حالات اب وہ نہیں رہے کہ پاکستانی ٹیم کو آسانی سے کوئی شکست دے سکے ۔ آج کے روز پاکستانی ٹیم کی قوت کا اندازہ صرف وہ گیارہ بھارتی کھلاڑی ہی لگاسکتے ہیں جو میدان میں اتریں گے۔ بھارتی میڈیا ، عوام،سابق کھلاڑی اور حتیٰ کہ فلمی دنیا کے مصنوعی ہیروز اور ہیروئینں بھی سیمی فائنل سے پہلے ہی بھارت کوچیمپئن بناچکے ہیں لیکن ان اندر جو خوف موجود ہے وہ واضح بتا رہاہے کہ یہ خود کوجھوٹی تسلی دینے میں لگے ہوئے ہیں۔ہم کوئی بڑا بول نہیں بولنا چاہتے اورنہ ہی ہم پاکستانی غائب کا علم رکھتے ہیں ہمیں تو صرف اپنے اللہ کی ذات پر یقین ہے کہ وہ پاکستان کے شیروں کو سرخرو کریگا۔ گوکہ ہم لوگ موسمی عبادتی بن گئے ہیں اور اپنی ٹیم کے جیت کیلئے بڑے عرصے بعد باوضو ہوکر دعائیں کرنے میں مگن ہیں لیکن مانگ کس سے رہے ہیں ۔ اپنے اللہ سے ۔ اللہ تعالیٰ مدد کرنے والا ہے اور وہ دشمن ملک میں پاکستانی ٹیم کی مدد کریگا۔ پاکستانیوں کی بھارت کو رسوا ہوتے ہوئے دیکھنے کی کتنی بڑی خواہش ہے اس کا اندازہ یہاں سے لگایا جاسکتا ہے کہ خانہ کعبہ اورمدینہ منورہ میں ٹیم کی جیت کیلئے دعائیں کی گئی ہیں۔ گزشتہ روز لاہو رکراچی اور اسلام آباد میں خصوصی دعائیں کرنے کے ساتھ ساتھ نوافل بھی ا دا کیے گئے۔
آج کا میچ پاکستانی غیرت کی حیثیت اختیار کرگیا ہے اور کھلاڑیوں پر اس قدر پریشر ڈال دیا گیا ہے کہ انہیں ایک غلطی بھی مہنگی پڑسکتی ہے۔ پاکستانی لوگ تو اب یہ کہنا شروع ہوگئے ہیں کہ بھارت کہ ہرا دو چاہئے فائنل ہار جاؤ کوئی پراوہ نہیں، لیکن بھارت کو اس کے ملک میں رسوا ضرور کرواور قومی ٹیم میں یہ صلاحیت موجود بھی ہے کہ وہ بھارتی غرورخاک میں ملا دے۔ پاکستانی قوم کو اس کامیابی کی اشد ضرورت بھی ہے اور ہم جیتنے کا حق بھی رکھتے ہیں۔ قومی ٹیم اگر یہ معرکہ جیت گئی تو پاکستان کرکٹ کی دنیا ہی بدل جائے گی ۔ ہمارے ہاں غیرملکی ٹیمیں نہیں آرہیں اور ورلڈکپ کی میزبانی بھی پاکستان سے چھین لی گئی ان حالات میں بھارت کیخلاف کامیابی حاصل کرنے کیلئے پوری قوم یکجا ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بھارت کیخلاف کامیابی پر ٹیم کے ہرکھلاڑی کو ایک مربع زمین دینے کا اعلان کردیا ہے جبکہ مختلف اطراف سے کرڑوں روپے کے نقد انعامات کا الگ اعلان کیا گیا ہے جبکہ اس سے بڑھ کر پاکستانی قوم کو جو خوشی نصیب ہوگئی اس کا تو کوئی ٹھکانہ ہی نہیں ہوگا۔ پاکستانی ٹیم کے ساتھ بھارتی میڈیا جو سلوک کررہا ہے اس کا جواب دینے کیلئے ٹیم کو آج بھارتی سورماؤں کو سپرد خاک کرنا ہوگا تاکہ انہیں اپنی حیثیت کا احساس ہو۔ ملک بھرمیں آج کامعرکہ دیکھنے کیلئے اور اس کے بعد جیت کا جشن منانے کیلئے وسیع پیمانے پر تیاریاں کی گئی ہیں کیونکہ بھارت کیخلاف کامیابی صرف سیمی فائنل میں کامیابی نہیں ہوگی بلکہ ایک جنگ میں فتح بھی ہوگی اوراس جنگ میں کامیابی کا جشن اُسی انداز میں منانا چاہئے جس طرح 14اگست منائی جاتی ہے۔ پاکستانی ٹیم سے بھرپور توقعات وابستہ ہیں اور اُن کے ساتھ پوری قوم کی دعائیں ہیں۔ انشاء اللہ آج کا دن پاکستان کے وقارکی بلندی کا دن ہوگا۔ قوم پرامید ہے کہ قومی ٹیم آج سارے حساب چکتا کردیگی اور ایک بار پھر پاکستان ہندوستان کو فتح کریگا۔