اعجازوسیم باکھری:
پاکستان کرکٹ کی تاریخ جہاں میدان میں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے سجی نظرآتی ہے وہیں اس کے کئی دوسرے باب بھی ہیں جو میدان سے باہر کی ہنگامہ خیزی سے متعلق ہیں جن کے بارے میں ہمیشہ لوگوں نے دلچسپی لی لیکن وہیں دوسری جانب یہ ہنگامہ خیزی پاکستان کرکٹ کیلئے نقصان دہ بھی ثابت ہوئی ہے ۔اگر پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر نظردوڑائی جائے تو ملکی کرکٹ کو سب سے بڑا دھچکہ میچ فکسنگ کے قضیئے سے پہنچا،لیکن ساتھ ساتھ بال ٹیمپرنگ کے الزامات کے علاوہ ڈرگزاستعمال کرنا ،نشہ آورچیزوں کی موجودگی اور ان سے سب سے بڑھ کربعض کھلاڑیوں کی جانب سے مبینہ طور پر حددو پھلانگنے کے واقعات کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے فلمی اداکاراؤں اور عام خواتین کے ساتھ سیکنڈلز بھی اخبارات کی زینت بنتے رہے جن میں بیشتر حقیقت پر مبنی تھے۔گزشتہ چند سالوں میں جن پاکستانی کرکٹرز کے سیکنڈلز سب سے زیادہ منظرعام پر آئے ان میں شعیب اختر اور محمد آصف نمایاں ہیں۔دونوں کے سیکنڈلز تقریباً ایک جیسے ہیں ، دونوں ایک ساتھ ممنوعہ ادویات استعمال کرنے کے جرم میں مرتکب پائے گئے جبکہ خواتین کے ساتھ معاشقوں کے حوالے سے بھی آصف اور شعیب گزشتہ دوبرس میں دیگر ساتھی کرکٹرز پر سبقت لے گئے لیکن رواں سال شعیب منظرعام سے غائب ہوئے توآصف ٹاپ پوزیشن پر آگئے اور تاحال آصف پہلے نمبر پر موجود ہیں لیکن گزشتہ رات ثناء ہلال کے ساتھ ازدواجی زندگی کا سفر شروع کرنے کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ تنازعات کی ریکنگ میں آصف کے نمبروں میں کمی واقع ہوسکتی ہے کیونکہ پاکستانی معاشرے میں یہ بات ہے کہ ”شادی کے بعد سب سدھر جاتے ہیں “۔
پاکستان میں چونکہ فلمی صنعت نہ ہونے کے برابر ہے اور جو چند فلمی ہیرو موجود بھی ہیں اُن کے عمریں اتنا زیادہ ہیں لڑکیاں انہیں اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے بھی شرماتی ہیں۔اس صورت حال میں کرکٹرز ہی واحد ہیرو ہوتے ہیں جنہیں عام لڑکیوں کے ساتھ ساتھ فلم انڈسٹری سے وابستہ خواتین چاہتی ہیں اور انہیں اپنا آئیڈیل سمجھتی ہیں لیکن بدقسمتی سے گزشتہ چند سالوں سے پاکستان کرکٹ ٹیم میں جو چندایک ”کام“کے سٹارز تھے وہ ڈرگز اور میچ فکسنگ کے سیکنڈلز کے زد میں رہے جس کی وجہ سے پاکستان میں آئیڈیل سٹارز کا قحط پڑا رہا ۔لیکن ان سب تنازعات کے باوجود محمد آصف اور شعیب اختر لڑکیوں کی سب سے اولین پسند رہے ۔شعیب اختر کی پسندیدگی کیوجہ اُس کا تیز ترین باؤلر تو ہونا ہی تھا لیکن ساتھ ساتھ وہ اپنی شکل صورت سے بھی کسی فلمی ہیرو سے کم نہیں لگتے لیکن محمد آصف کو اس حوالے سے خوش قسمت کہا جاسکتا ہے کہ وہ شکل صورت سے تو بھولے بھالے لگتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی وہ آئیڈیل قرار پائے۔آصف کی فین فاؤلنگ میں اضافہ ہوسکتا تھا اگر وہ دبئی میں چرس کے الزام میں گرفتا رنہ ہوتے ،سٹیج اداکارہ دیدار اور وینا ملک کے ساتھ اُن کے سیکنڈلز نہ بنتے اور سب سے بڑھ کر وہ اگر ڈھنگ کے کپڑے پہننا زیب تن کرتے اور اپنی ڈریسنگ پر توجہ دیتے تو وہ اپنے معصومانہ چہرے کی وجہ سے مقبولیت میں شاہد آفریدی اور شعیب اختر کو پیچھے چھوڑ سکتے تھے لیکن اپنے ”دیہاتی پن “کی وجہ سے وہ اُس پائے کے آئیڈیل نہ بن سکے جس کے شعیب اختر اور شاہد آفریدی ہیں لیکن اس سب کے باوجود آصف نے سیکنڈلز کے حوالے سے ان سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔انتہا تو اُس وقت ہوئی جب وینا ملک کے ساتھ آصف کی محبت کا ڈراپ سین ہوا اور دونوں ایک دوسرے کیخلاف کورٹ کچہری کے طواف میں مصروف نظر آئے ۔ وینا ملک کے ساتھ آصف کا بریک اپ ثناء ہلال کی وجہ سے ہوا ۔ آصف نے وینا ملک کے ساتھ شادی کا وعدہ کرنے کے باوجود اُسے نظرانداز کرکے یا یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ اپنی جان چھڑا کر کراچی سے تعلق رکھنے والی ثناء ہلال کے ساتھ نکاح کرلیا۔ آصف کے نکاح کے بعد وینا ملک نے خوب شور مچایا کہ آصف میرا مقروض ہے اور وہ اپنا قرضہ حاصل کرنے کیلئے لاہور کے تھانوں اور کچہری کے مسلسل چکرکاٹتی رہیں لیکن آصف ٹس سے مس بھی ہوئے اور ثناء کے ساتھ شادی کی تیاریوں میں مصرو ف رہے اور تھک ہار کر وینا ملک نے بھی حالات سے سمجھوتہ کرلیا ۔اسے بدقسمتی ہی کہا جاسکتا ہے کہ اپنے کیرئیر کے عروج کے دنوں میں محمد آصف کا ایک اور سیکنڈل آگیا جس کی پاداش میں آئی سی سی نے آصف کو ساتھی کرکٹرز عامراور سلمان بٹ کے ہمراہ معطل کردیا گیا ، انگلینڈ کیخلاف لارڈز ٹیسٹ میں جان بوجھ کر نوبال کرنے پر آصف کیخلاف تحقیقات شروع ہوئیں تو وینا ملک نے پرانی دشمنی کا بدلہ لیتے ہوئے آصف کو نامی گرامی جواری قرار دیا اور آئی سی سی کے انٹی کرپشن یونٹ کو معلومات بھی فراہم کیں ۔ وینا ملک کا خیال تھا کہ شاید آصف کے حوصلے ٹوٹ جائیں گے اور وہ میرے پاس لوٹ آئیگا لیکن آصف ثابت قدم رہے اور وعدے کے مطابق ستمبر کے آخری ہفتے میں اپنی ازدواجی زندگی کا سفر شروع کرکے وینا ملک کے رہے سہے آرمانوں کا بھی خون کردیا ۔آصف اور ثناء ہلال کی شادی کی تقریب گزشتہ رات لاہور کے علاقے ڈیفنس گارڈن میں ہوئیں جہاں کرکٹرز کے علاوہ دیگر طبقات سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔حیران کن طور پر آصف کی بارات بینڈ باجوں اور ڈھول کی تھاپ کے بغیر پنڈال میں پہنچی ، ممکن ہو آصف نے معطلی اور الزامات کی وجہ سے شادی کی تقریب کو سادگی کے ساتھ منانے کافیصلہ کیا ہو کیونکہ وہ اس وقت سٹار نہیں بلکہ متنازع کرکٹر کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ شادی کے تقریبات سادگی سے انجام پائی۔شیخوپورہ کے گاؤں ماچھیکے والا سے لیکر لارڈز کے تاریخ گراؤنڈ تک آصف نے بہت کم عرصے میں سفر کیا اور اُس نے شہرت کی بلندیوں تک بھی رسائی حاصل کی لیکن تنازعات کیو جہ سے آصف شائقین کا دل جیتنے میں ناکام رہے ۔ وہ اب تک لاتعداد سیکنڈلز کا حصہ رہے ہیں اور ان کے کیرئیر کا کوئی ایک سال بھی ایسا نہیں جس میں آصف کا سیکنڈل نہ آیا ہو ۔ اب آصف نے شادی کرلی ہے اورایک کہاوت ہے کہ پہلی بیوی خوش قسمتی کی علامت ہوتی ہے اور مرد کی قسمت بدل جاتی ہے ۔ اب دیکھنا ہوگا کہ محمد آصف کیلئے ثناء ہلال کتنی خوش قسمت ثابت ہوتی ہیں اور آصف کے مسائل میں کس حد تک کمی آتی ہے ۔