اعجاز وسیم باکھری:
آج کرکٹ اپنی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل عبور کرنے جارہی ہے۔ کرکٹ کی دنیامیں پہلی بار ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔آج ایونٹ کے افتتاحی معرکے میں میزبان جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جوڑ پڑےگا۔ مختصر ترین دورانئے کے کرکٹ مقابلوں کا یہ پہلا میگا ایونٹ ہے جس میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی ٹیموں کے علاوہ آئی سی سی کی ایسوسی ایٹ ممبر ممالک کی ٹیمیں بھی شریک ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم بدھ کو سکاٹ لینڈ کے خلاف اپنی مہم جوئی کا آغاز کریگی ۔شو پیس ایونٹ کا آغازایک رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ہوگا جس میں ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا جائے گا۔ دس روز جاری رہنے والے ایونٹ میں نو ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کی ٹیموں کے علاوہ زمبابوے، کینیا اور سکاٹ لینڈ کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ میں شریک 12 ٹیموں کو چار مختلف پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں میزبان جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش، پول بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ اور زمبابوے جبکہ پول سی میں نیوزی لینڈ، سری لنکا اور کینیا کی ٹیمیں شامل ہیں اور گروپ ڈی پاکستان، بھارت اور سکاٹ لینڈ کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔ سپر ایٹ مرحلے سے قبل پولز میں شامل تمام ٹیمیں دو دو میچ کھیلیں گی اور یہ مرحلہ 11 سے 15 ستمبر تک جاری رہے گا اس کے بعد ہر پول کی دو فاتح ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے تک رسائی حاصل کریں گی۔ سپر ایٹ مرحلہ 16 سے 20 ستمبر تک کھیلا جائے گا جبکہ سیمی فائنل مقابلے 22 ستمبر اور فائنل 24 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ دنیا بھر کی تمام ٹیمیں ایونٹ میں کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔ مبصرین نے آسٹریلیا کو ایونٹ کیلئے فیورٹ قرار دے رہے ہیں تاہم ٹوٹنی کرکٹ کے بارے میں کسی ٹیم کے بارے میں حتمی رائے دینا اتنہائی مشکل ہے۔یہ ایسی کرکٹ ہے جس میں کوئی بھی ٹیم اپ سیٹ کرسکتی ہے اور توقع ہے کہ اس بار بھی شائقین کو بہت بڑے بڑے اپ سیٹ دیکھنے کو ملیں گے۔
ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی میزبانی کا شرف جنوبی افریقہ کو حاصل ہورہا ہے جہاں اس سے قبل ورلڈکپ 2003ء کا میلہ بھی منعقد ہوچکا ہے۔ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کو متعارف ہوئے کوئی زیادہ عرصہ نہیں ہوا ہے لیکن اس کے باوجود بہت جلدٹونٹی ٹونٹی کرکٹ نے لوگوں کو اپنے سحر میں مبتلاکردیا۔پاکستان میں بھی ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ اپنی ایک الگ پہچان رکھتی ہے پاکستان میں ڈومیسٹک سطح پر اس کے تین کامیاب ایونٹ ہوچکے ہیں جن میں سے ایک بار فیصل آباد اور دو مرتبہ سیالکوٹ کی ٹیم نے فتح حاصل کی جبکہ انٹرنیشنل سطح پر قومی ٹیم نے گوکہ کسی بڑی ٹیم کو ٹونٹی ٹونٹی میچ میں زیر نہیں کیا لیکن اس کے باوجود ڈومیسٹک سطح اور حال ہی میں کینیا کے درالحکومت نیروبی میں ہونے والے وارم اپ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں قومی کرکٹرز نے متاثر کن کھیل پیش کیا جس سے بظاہر یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ قومی ٹیم ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں ناراض پاکستانی شائقین کو راضی کرنے میں کامیاب ہوجائیگی۔بدقسمتی سے شعیب اختر لڑائی جھگڑوں کی وجہ سے ٹیم کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے لیکن شائقین کو توقع ہے کہ قومی ٹیم کے دیگر ارکان ان کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ لیکن یہ خواہش اس وقت حقیقت میں بدلے گی جب تمام کھلاڑی سینہ سپر ہوکر میدان میں اتریں گے اور بھرپور جذبے کے ساتھ حریف ٹیم کا مقابلہ کریں گے تب ہی ناراض شائقین راضی ہونگے اور پاکستان کرکٹ طویل عرصے سے جاری بحران سے نکل پائے گی۔کینیا میں ہونے والے ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تیاریوں کے سلسلے ہونے والے وارم اپ ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے بولرز اور بیٹسمین سبھی نے اپنی بھرپور فارم اور فٹنس کا ثبوت پیش کیا اور اپنے تمام میچز میں یکطرفہ مقابلے کے بعد فتوحات حاصل کیں۔وارم اپ کپ میں یونس خان نے بیٹنگ کے ساتھ ساتھ بولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ جارح مزاج آل راؤنڈ شاہد آفریدی نے بھی توقع کے مطابق حریف بولرز کی تاریخی دھلائی کی۔ یوگینڈاکے خلاف شاہد آفریدی نے محض 12گیندوں پر فیفٹی مکمل کرکے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کا عالمی ریکارڈقائم کیا جبکہ اس کے علاوہ گیندبازی میں بھی آفریدی کپتان کی توقعات پر پورے اترے۔شعیب اختر اور اور محمد آصف کے درمیان لڑائی جھگڑے نے قومی ٹیم کے مورال کو کم ضرور کیا لیکن امید ہے کہ ٹیم مینجمنٹ اس صورتحال پر مکمل کنٹرول حاصل کرلے گی۔ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں مسوائے آسٹریلیا کے دیگر تمام تر ٹیمیں ویسٹ انڈیز میں ہونے والی ورلڈکپ کی بے فیض جنگ میں کی جانیوالی غلطیوں کو نہ دہرانے کیلئے پرعزم ہیں ۔جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونیوالا ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ آج رات کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9بجے کھیلا جائیگا۔۔
نوٹ…ٹونٹی 20ورلڈکپ کے تمام میچز کا مکمل شیڈول اور میچ شروع ہونے کا پاکستانی وقت کی مکمل تفصیلات اردوپوائنٹ ڈاٹ کام کے کھیل کے پیج پر”ٹونٹی 20کرکٹ ورلڈکپ 2007“ کے نام سے سپیشل صفحہ پر ”شیڈول” کے نام موجود ہے۔