اعجاز وسیم باکھری :
24جون سے پاکستان کی میزبانی میں کھیلے جانیوالے ایشیا کپ کی تاریخ میں سری لنکن سٹار آل راؤنڈرسنتھ جے سوریا بیٹنگ اور بولنگ کے شعبے میں سرفہرست کرکٹررہے ہیں انہوں نے اب تک سب سے زیادہ چار سنچریوں کی مدد سے 20میچوں میں 842رنز بنائے ہیں جبکہ بولنگ میں بھی وہ 20وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔بیٹنگ میں دوسرے نمبر پربھارتی سٹار بیٹسمین سچن ٹنڈولکر نے 20 میچز میں 799رنز سکور کررکھے ہیں۔ایشیا کپ میں پاکستان کی جانب سے انضمام الحق نے 15میچوں میں سب سے زیادہ 591رنز بنائے ہیں ۔ایشیا کپ میں سنتھ جے سوریا چار سنچریوں کے ساتھ پہلے اور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک دو سنچریوں کی ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔جبکہ پاکستان کی جانب سے معین العتیق ،اعجاز احمد،یاسر حمید،یونس خان اور محمد یوسف نے ایک ایک سنچری سکور کررکھی ہے۔
سنتھ جے سوریا کی 20میچز میں 20وکٹوں کے بعد ایشیا کپ میں جے سوریا کے ہم وطن چمنداواس نے اب تک 15میچز میں 18کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے ۔ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پاکستان کی جانب سے عبدالقادر نے 8میچز میں 17وکٹیں حاصل کیں ہیں۔ایشیا کپ میں ایک میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز پاکستان کے عاقب جاوید اور ثقلین مشتاق اور بھارت کے ارشد ایوب کو حاصل ہے۔ایشیا کپ کے اب تک کھیلے گئے آٹھ ٹورنامنٹس میں کسی بھی بیٹسمین کی جانب سے سب سے لمبی اننگز کھیلنے کا اعزاز پاکستان کے سٹار بیٹسمین یونس خان کے پاس ہے انہوں نے آخری ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے خلاف کولمبو 144رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ان کے بعد دوسری لمبی اننگز کھیلنے کا اعزاز قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک کے پاس ہے ۔شعیب ملک نے بھارت کے خلاف 2004ء کے ایشیا کپ میں 143رنز کی اننگز تراشی تھی۔تیسرے نمبر پر سارو گنگولی کا نام ہے انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف 135رنز کی اننگز کھیل رکھی ہے۔ٹورنامنٹ میں سب سے بہترین سٹرائیک ریٹ کے مالک پاکستان کے شعیب ملک ہیں ۔ان کا 6میچز کھیل کر 100.31سٹرائیک ریٹ ہے۔ایشیا کپ میں سب سے زیادہ نصف سنچریا ں کے مالک سابق سری لنکن کپتان مارون اتاپتو،بھارتی بیٹسمین سدھو،سچن ٹنڈولکر،رانا ٹنگااور پاکستان کے انضمام الحق ہیں جوچھ چھ ہاف سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ ان کے بعد ساروگنگولی ،محمد اظہرالدین اور اروندا ڈی سلو ا چار چار ہاف سنچریاں سکورکرنے میں کامیاب رہے۔ٹورنامنٹ کی تاریخ میں بنگلہ دیشی بیٹسمین امین السلا م تین مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونیوالے اولین کھلاڑی ہیں جبکہ دو دو مرتبہ صفر خفت سے دوچار ہونیوالے بیٹسمینوں کی تعداد10ہے۔ایشیا کپ میں تاریخ میں پاکستان کے وکٹ کیپر معین خان نے سب سے زیادہ شکا رکررکھے ہیں۔معین خان نے 14میچز میں 17کھلاڑیوں کو وکٹوں کے عقب میں اپنا شکار بنایا ان میں 12کھلاڑی کیچ آؤٹ کیے جبکہ پانچ سٹمپ آؤٹ ہوئے۔بطور فیلڈر اب تک ایشیا کپ میں سب سے زیادہ کیچز اعزاز سری لنکن بیٹسمین ارونداڈی سلو ا کے پاس ہیں انہوں نے 24میچز میچ 12کھلاڑیوں کو کیچ آؤٹ کیا جبکہ دوسرے نمبر مرلی دھرن اور سری لنکا ہی کے روشن مہنامہ ہیں جنہوں نے بالترتیب 8،8کیچز لیے۔بطور کپتان ٹورنامنٹ میں پاکستان کے کپتان معین خان کامیاب ترین قائد ثابت ہوئے ہیں ۔انہوں نے ایشیا کپ کے 6میچز میں اپنی ٹیم کی قیادت اور تمام کے تمام میچز میں پاکستان نے فتح حاصل کی۔ایشیاکپ میں رانا ٹنگا نے سب سے زیادہ 13میچز میں کپتانی کے فرائض سرانجام دئیے جہاں سری لنکن ٹیم 9میں فاتح رہی اور 4میچز میں اسے شکست کا سامنا کرناپڑا۔