اعجاز وسیم باکھری:
پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونیوالے میچز کسی جنگ سے کم نہیں ہوتے لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے لگاتار میچز کھیلنے کی وجہ سے نہ صرف کھلاڑیوں نے اپنے اوپر پر یشر لینا کم کردیا ہے بلکہ شائقین میں بھی اب وہ بے چینی اور دلچسپی کا عنصر نظر نہیں آتا جو آج سے دس سال پہلے نظر آتا تھا لیکن اس سب کے باوجود کراچی میں آج ہونیوالے پاک بھارت میچ کیلئے شائقین نے بھر پورتیاری کررکھی ہے اور میچ کے تمام ٹکٹ تین دن پہلے ہی سے فروخت ہوچکے ہیں اورشہربھر میں لوگ ٹکٹوں کی تلاش میں سرگرداں پھرتے نظر آئے ۔
ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ان دنوں پاکستان میں جاری ہے اور ایونٹ میں پاکستان ،بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں فیورٹ سمجھی جارہی ہیں لیکن میزبان ٹیم ہونے کی وجہ سے پاکستان کو ہوم گراؤنڈ کا ایڈوانٹیج حاصل ہے جبکہ اس سے بڑھ کر پاکستان کو ٹرائی سیریز میں فتح کے بعد بھارت پرنفسیاتی برتری حاصل ہوچکی ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان کو آج کے میچ میں فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔کل ہونیوالے میچ بھارت نے ہانگ کانگ کو256رنزکے بھاری مارجن سے شکست دی جبکہ اسی ہانگ کانگ ایک روز قبل پاکستانی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور ایک وقت ایسا آیا جب پاکستانی ٹیم کی سانسیں روک گئی تھیں لیکن روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلتے ہوئے قومی ٹیم میں ایک نیا جذبہ جھلک رہا ہے اور یہ ہمیشہ سے دیکھنے میں آیا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستانی کھلاڑی فتح ہی کیلئے میدان میں اترتے ہیں اور جان لڑاتے ہیں ۔بعض مرتبہ ٹیم مینجمنٹ کی ناکامی اور کپتان شعیب ملک کی نااہلی کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے لیکن ہوم گراؤنڈ پر کھیلے جانیوالے ایشیا ء کپ میں ٹیم کو ایسی تمام غلطیوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی جو وہ اکثر بڑے میچز میں کرتے ہیں تاہم اس بات کی توقع کی جارہی ہے کہ پاکستان ایک نئی تیاری کے ساتھ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں اتریگا اور شاہد آفریدی کو بطور اوپنر بھیجے جانے کی باز گشت بھی سنائی دے رہی ہے اور اگر ٹیم مینجمنٹ آفریدی کو اوپنر بھیجنے کے فیصلے کو عملی جامعہ پہنانا بھی چاہتی ہے تو پہلے ایک گیم پلان تیارکرنا ہوگا اور اسی کے مطابق چلنا ہوگا ورنہ عموماً شاہد آفریدی اوپننگ کرتے ہوئے اپنی وکٹ جلدی سے گنوا دیتے ہیں جس سے ٹیم لڑکھڑا جاتی ہے لہذا کپتان کو تمام چیزیں مدنظر رکھ کر کوئی فیصلہ کرنا ہوگا۔
پاکستانی ٹیم نے گزشتہ روز کراچی کے نیشنل بنک سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی۔اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایشیاء کپ کے اہم ترین میچ میں بھارت کو زیادہ رنز بنانے سے روکیں گے اور فتح حاصل کرنے کیلئے میدان میں اتریں گے۔شعیب ملک کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں بھارت کے خلاف فتح حاصل کرنے سے لڑکوں کے حوصلے بلندہوئے ہیں اور میچ میں شاندار کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے،بھارتی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں فیورٹ کی شکل میں سامنے آئی ہے اور بیٹنگ کے لحاظ سے یہ ایک بہترین ٹیم ہے مگر ہوم ٹیم کی حیثیت سے ہم اس میچ کو آسان نہیں لینگے۔شعیب ملک کی یہ بات درست ہے کہ پاکستان کو اس میچ آسان نہیں لینا چاہیے اور بھر پور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے۔پاکستان اور بھارت کی کر کٹ ٹیمیں اس سے قبل 115بار آمنے سامنے آچکی ہیں اور یہ پاکستان کے کسی ایک ملک کے خلاف کھیلے گئے میچوں کی سب سے بڑی تعداد بھی ہے پاکستان نے 67میچوں میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے جبکہ 44میچز بھارت کے حق میں رہے دونوں ملکوں کے درمیان کھیلے گئے 4میچز کسی نتیجے کے بغیر اختتام پذیر ہوئے ۔ آج کے میچ کو دیکھنے کے لیے شہر قائد کے باسیوں میں بہت زبردست جوش خروش پایاجارہا ہے اورمیچ کے ٹکٹ قبل از وقت فروخت اور بینکوں میں ختم ہوچکے ہیں حالانکہ دیگر میچز کے مقابلے میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے ٹکٹ نرخ تین گنا زائد رکھے گئے تھے لیکن بھارتی ٹیم ایک طویل عرصے بعد کراچی میں پاکستان کے خلاف کھیل رہی ہے جس سے شہرقائد میں مزید رنقیں بڑھ گئیں ہیں۔