آئیوری کوسٹ فٹ بال ٹیم کے لیے انعامات کا اعلان

جمعہ 13 فروری 2015 14:34

آئیوری کوسٹ فٹ بال ٹیم کے لیے انعامات کا اعلان

یاموسوکرو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروی 2015ء)آئیوری کوسٹ کی حکومت نے ملک کی فٹبال کی ٹیم کو ’افریقہ کپ آف نیشنز‘ جیتنے پر لاکھوں ڈالرز مالیت کے انعامات دینے کا اعلان کردیا۔حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق آئیوری کوسٹ کے صدر 23 رکنی ٹیم کے ہر رکن کو 52 ہزار ڈالرز مالیت کا ایک مکان اور اتنی ہی مالیت کی نقد رقم دیں گے۔

خیال رہے کہ آئیوری کوسٹ نے افریقہ کپ آف نیشز کے فائنل میں گھانا کو پنیلٹی پر 8-9 سے شکست دی تھی۔حکومت نے آئیوری کوسٹ فٹبال فیڈریشن اور تکنیکی سٹاف کو بھی انعامات دینے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب گھانا نے بھی اپنی فٹبال ٹیم کے لیے انعامات کا اعلان کیا ہے۔گھانا کے سرکاری ادارے گھانا نیشنل پیٹرولیم کارپوریشن (جی این پی سی) نے ہر کھلاڑی کو 25 ہزار ڈالرز کی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔

گھانا کے وزیرِ کھیل کے خیال میں کھلاڑیوں کے لیے اعلان کی جانے والی انعامی رقم کم ہے۔نائیجریا کے اخبار ’ڈیلی پوسٹ‘ کے مطابق گھانا کے وزیرِ کھیل کا کہنا تھا کہ وہ جی این پی سی کی جانب سے کھلاڑیوں کو دی جانے والی رقم کا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم ان کے خیال میں یہ انعامی رقم کافی نہیں ہے کیونکہ گھانا کے کھلاڑی اس رقم سے زیادہ کے حقدار تھے۔

وقت اشاعت : 13/02/2015 - 14:34:08