ورلڈ کپ کا پہلا اپ سیٹ ‘آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو باآسانی چار وکٹوں سے شکست دیدی

پیر 16 فروری 2015 12:10

ورلڈ کپ کا پہلا اپ سیٹ ‘آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو باآسانی چار وکٹوں سے شکست دیدی

نیلسن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16فروی 2015ء) آئرلینڈ نے ورلڈ کپ 2015 میں اب تک سب سے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو باآسانی چار وکٹوں سے شکست دیدی ویسٹ انڈیز کے باؤلر بے بس نظر آئے ‘ آئر لینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 305رنز کا ہدف 46ویں اورز میں پورا کرلیا ‘آئرلینڈ کی جانب سے اسٹرلنگ 92 رنز ‘ ایڈ جوئس 84 اور نیل اوبرائن 79رنز کی شاندار اننگز کھیلی ‘ بہترین کارکردگی پر پال اسٹرلنگ کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

پیر کو نیوزی لینڈ کے شہر نیلسن کے سیکسٹن اوول گراوٴنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو ویسٹ انڈین اوپنرز اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور ڈیوائن اسمتھ 30 کے مجموعی اسکور پر 18 رنز بنا کر کیون اوبرائن کا شکار بن گئے، ایک رن کے اضافے پر ڈیرن براوو بھی رن آوٴٹ ہو گئے، گرس گیل بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 65 گیندوں پر 36 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، مارلن سیموئلز21 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئے ‘ دنیش رامدین بھی ٹیم کے اسکور میں صرف ایک رنز کا اضافہ کر سکے۔

(جاری ہے)

ایک موقع پر ویسٹ انڈیز کے 5 کھلاڑی 87 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے تاہم اس موقع پر لینڈی سمنز اور ڈیرن سیمی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور 241 رنز تک پہنچا دیا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 154 رنز کی شراکت ہوئی اور ڈیرن سیمی 89 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئے تاہم لینڈی سمنرز نے شاندار بلے بازی جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور آخری اوور 102 رنز بنا کر کیچ آوٴٹ ہوئے ‘ آندرے رسل 27 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز نے 50 اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 304 رنز اسکور گئے۔ آئر لینڈ کی جانب سے جارج ڈاک ریل نے 3 ‘ کیون اوبرائن، میکس سورنسن اور جان مونے کے ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔آئرلینڈ نے 305 رنز کا ہدف 46ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، آئرلینڈ جیسی ٹیم کے سامنے ویسٹ انڈیز کے بولرز بالکل بے بس نظر آئے اور اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں بہترین آغاز فراہم کرتے ہوئے 71 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد ولیم پورٹر فیلڈ 23 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئے، پورٹر فیلڈ کے آوٴٹ ہونے کے بعد ایڈ جوئس کریز پر آئے اور پال اسٹرلنگ کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھاتے ہوئے 177 رنز تک پہنچایا تاہم پھر اسٹرلنگ 92 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مارلن سیمیولز کا شکار ہوئے ‘ ایڈ جوئس 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر جیروم ٹیلر کی گیند پر کیچ آوٴٹ ہوئے۔

آئرلینڈ کی چوتھی وکٹ 285 کے مجموعی اسکور پر گری جب اینڈی بالبرنائی 9 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے تاہم اس موقع پر نیل اوبرائن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 79 رنز ناٹ آوٴٹ بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ‘ گیری ولسن ایک رن بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیروم ٹیلر نے 3 ‘ کرس گیل اور مارلن سیمیولز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔بہترین کارکردگی پر پال اسٹرلنگ کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

وقت اشاعت : 16/02/2015 - 12:10:09