پاکستان کی شکست ‘ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر پاکستانی شائقین نے کھل کر بھڑاس نکالی

پیر 16 فروری 2015 12:21

پاکستان کی شکست ‘ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر پاکستانی شائقین نے کھل کر بھڑاس نکالی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16فروی 2015ء) بھارت کے ہاتھوں پاکستانی ٹیم کی شکست پر افسردہ شائقین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر دل کھول کر بھڑاس نکالی۔ ایک نوجوان نے تصویر شیئر کی جس پر لکھا تھا کہ یااللہ پاکستانی ٹیم کیلئے جو کچھ بھی پڑھا تھا اس کا ثواب دادا، دادی، نانا اور نانی کی روح تک پہنچا دے۔ آمین۔ میچ کا اختتام ہوتے ہی ایک شائق نے فیس بْک پر سٹیٹس اپ ڈیٹ کیا کہ یہ پاکستان کے گلی کوچوں میں اتنی خاموشی کیوں ہے بھائی۔

مصباح کی بھرپور جدوجہد کو شائقین نے خوب سراہا۔ مصباح کی تصویر کے ساتھ یہ کیپشن بھی بے حد شیئر کیا گیا یہ بلا پکڑ، خود کھیل لے آ کر۔ ایک خاتون نے لکھا کہ تم جیتو یا ہارو، ہمیں تم سے پیار بالکل نہیں ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں ہمت بندھانیوالے بھی کم نہیں تھے۔

(جاری ہے)

ایک نوجوان نے کہاکہ حوصلہ رکھو دوستو یہ پہلی بار نہیں ہو رہا، ٹیم پاکستان کوشش جاری رکھو۔

پاک بھارت میچ دیکھنے کیلئے پاکستانی نوجوان صبح سویرے اٹھ کر ٹی وی سکرین کے سامنے جم گئے ایک نوجوان اس پر کچھ یوں تبصرہ کیا اے وطن کے جوانوں، کرکٹ کے پاگل دیوانوں، یہ میچز تمھیں صبح جلدی جگانے کیلئے ہیں۔ کچھ شائقین نے شاعری کرکے دل کی بھڑاس کچھ یوں نکالی پاک بھارت میچ کا جنون، اناللہ وانا الیہ راجعون۔ ایک ناراض شہری نے کہا کہ عابد شیر علی کو چاہئے تھا کہ وہ 30 اوورز کے بعد لائٹ ہی بند کر دیتے۔ ایک دل جلے نوجوان نے تھک ہار کر مطالبہ کیا کہ پاکستانی ٹیم کو ملائیشین ائیر لائن کے ذریعے واپس بھیجا جائے۔ ایک نوجوان نے عمر اکمل کے کیچ چھوڑنے پر اپنے غم وغصے کا اظہار کیا۔

وقت اشاعت : 16/02/2015 - 12:21:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :