مائیکل کلارک کی خوش اخلاقی سے افغان کرکٹرز حیران

منگل 3 مارچ 2015 11:51

مائیکل کلارک کی خوش اخلاقی سے افغان کرکٹرز حیران

پرتھ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء)آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے اپنی خوشی اخلاقی سے افغانستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو حیران کر دیا۔ آسٹریلوی کرکٹرز عام طور پر کافی مغرور اور نک چڑھے خیال کئے جاتے ہیں جس میں کافی حد کی صداقت بھی ہے لیکن کلارک نے اس حوالے سے مختلف مثال قائم کی۔ آسٹریلیا اور افغانستان کی ٹیمیں ان دنوں پرتھ میں موجود ہیں جہاں بدھ کو دونوں کے درمیان ورلڈ کپ کا میچ ہو گا۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیمیں پرتھ کے واکا گراونڈ میں الگ الگ مقامات پر ٹریننگ سیشن میں شریک تھیں۔ جب سیشن ختم ہوا تو آسٹریلوی کرکٹرز افغان کرکٹرز کے کیمپ کے پاس سے گزرے۔ مچل جانسن، بریڈ ہیڈن اور سٹیون سمتھ نے تو صرف ہائے ہیلو کہنا ہی مناسب سمجھا تاہم کلارک کیمپ میں پہنچ گئے اور کافی دیر تک افغان کرکٹرز کے ساتھ گپ شپ لگاتے رہے۔ انہوں نے افغان کھلاڑیوں کے ساتھ ایک تفریحی ویڈیو کا حصہ بننا بھی قبول کیا اور کچھ کھلاڑیوں کو لگے ہاتھوں بیٹنگ کے مشورے بھی دے ڈالے۔

وقت اشاعت : 03/03/2015 - 11:51:09