ورلڈ کپ کوالیفائنگ میں پاکستانی تیاریوں کی قلعی کھل گئی

بدھ 4 مارچ 2015 12:09

ورلڈ کپ کوالیفائنگ میں پاکستانی تیاریوں کی قلعی کھل گئی
بنکاک: ورلڈ کپ فٹبال کوالیفائنگ کیلیے پاکستانی تیاریوں کی قلعی کھل گئی اور اسے اوسط درجے کے تھائی کلب نے0-2 سے زیر کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق 12 مارچ کو یمن کیخلاف ورلڈ کپ 2018 کے ابتدائی کوالیفائرز میچ کی تیاریوں کیلیے تھائی لینڈ میں موجود پاکستانی فٹبال ٹیم کو اوسط درجے کے میزبان کلب اوسٹساپا نے باآسانی 2-0 سے شکست دیدی۔ تھائی لیگ میں چھٹی پوزیشن پانے والے کلب کیخلاف پاکستانی کھلاڑیوں نے پہلے ہاف میں قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن دوسرے ہاف میں ان کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔

فاتح ٹیم نے پہلا گول 65 ویں منٹ میں داغا، صرف 10 منٹ بعد اس نے برتری کو دوگنا کردیا۔ گرین شرٹس نے میچ میں واپسی کیلیے کوشش ضرور کی لیکن میزبان کھلاڑیوں نے ایک نہ چلنے دی۔ پلیئرز اپنے آخری پریکٹس میچ میں جمعرات کو تھائی لینڈ انڈر 23کیخلاف ایکشن میں نظر آئیں گے۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ پاکستانی اسکواڈ تھائی لینڈ پہنچنے سے قبل ملائیشیا میں 2 پریکٹس میچز کھیل چکا ہے، ملائیشین انڈر 19 کیخلاف 3-1 سے فتح کے بعد اسے میزبان انڈر23 ٹیم کے ہاتھوں 1-2 سے شکست ہو گئی تھی۔ پاکستانی ٹیم جمعرات کو آخری پریکٹس میچ کھیلنے کے بعد وطن واپس لوٹ آئے گی، بعدازاں اسے یمن سے مقابلے کیلیے قطر کے دارلحکومت دوحا روانہ ہونا ہے، سیکنڈ لیگ میچ میں شرکت کیلیے یمن کی سائیڈ 17 مارچ کو لاہور آئے گی۔
وقت اشاعت : 04/03/2015 - 12:09:13