فل ممبرز سے کھیلنے کا شوق، آئرش کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر غور کرنے لگی

جمعرات 5 مارچ 2015 10:26

فل ممبرز سے کھیلنے کا شوق، آئرش کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر غور کرنے لگی
بیلفاسٹ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 5مارچ ۔2015ء ) فل ممبر ز سے کھیلنے کے شوق نے آئر لینڈ کی ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے غورکرنے پر مجبور کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ کو اس وقت بڑی شدت کے ساتھ بڑی ٹیموں کے ساتھ تواتر سے کھیلنے کی ضرورت ہے، ورلڈ کپ کے دوران کپتان ولیم پورٹرفیلڈ کئی مرتبہ اس حوالے سے اپنی خواہش کا اظہار کرچکے، اب یہی بات آئرش ٹیم کو دورئہ پاکستان پر اکسا رہی ہے۔

2009 میں سری لنکن ٹیم پر دہشتگرد حملے کے بعد کسی بھی ٹیسٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا، البتہ افغانستان اور کینیا جیسی ٹیمیں وہاں کھیل چکی ہیں۔ آئرلینڈ بھی گذشتہ برس دورے پر تقریباً راضی ہوچکا تھا لیکن کراچی ایئرپورٹ پر دہشتگرد حملے کے بعد معاملہ ختم ہوگیا، مگر اب پھر سے بات چیت شروع ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

آئرش بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو ٹروم نے کہاکہ جنوری میں اس حوالے سے ہماری پاکستانی بورڈ سے بات چیت ہوئی، پھر پی سی بی کی ای میل ہمیں موصول ہوئی، اب چونکہ ورلڈ کپ جاری ہے اس کے بعد ہم پاکستان کی جانب سے مزید پیشرفت کا انتظار کریں گے،انھوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل وہاں کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ انھیں بڑی ٹیموں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر چھوٹی سائیڈز نے پاکستان کے باقاعدگی سے ٹور کیے تو وہ بھی اپنی ٹیمیں بھیجنے پر غور کریں گے۔
وقت اشاعت : 05/03/2015 - 10:26:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :