ٹیم میں اب بھی میچ وننگ کھلاڑی ہیں، مشتاق احمد

جمعرات 5 مارچ 2015 23:26

ٹیم میں اب بھی میچ وننگ کھلاڑی ہیں، مشتاق احمد

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5مارچ۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایسے کھلاڑی اب بھی موجود ہیں جو میچ کا نقشہ تبدیل کرکے ٹیم کو جیت دلواسکتے ہیں۔ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں ابھی تک کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی ہے اور ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف میچوں میں بدترین شکستوں کے بعد گرین شرٹس نے زمبابوے اور متحدہ عرب امارات کو ہراکر کچھ تسلسل حاصل کیا ہے۔

تاہم گرین شرٹس کا اگلا میچ ٹورنامنٹ فیورٹ جنوبی افریقہ سے ہے جو اپنے گزشتہ دونوں میچوں میں 400 سے زائد رنز اسکور کرے بیٹھی ہے۔ بی بی سی اردو کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے پاکستانی ٹیم کو اچھی اور دلیر کرکٹ کھیلنا ہوگی اور نتائج کے بارے میں پہلے سے ہی سوچے بغیر میدان میں اترنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 1992 میں بھی پاکستانی ٹیم کا آغاز ناقص تھا تاہم پھر بھی یقین تھا کہ ٹیم ورلڈ کپ جیت لے گی، یہ یقین بہت ضروری ہوتا ہے ۔

یاسر شاہ کو نہ کھلائے جانے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا بیلنس اور حکمت عملی دیکھتے ہوئے ٹیم منتخب کی جاتی ہے، لیگ اسپنرز ویچ ونر ہوتے ہیں لیکن ٹیم کا بیلنس دیکھنا پڑتا ہے۔ مشتاق احمد کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے علاوہ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے وہ نیوزی لینڈ کو فیورٹ سمجھتے ہیں۔

وقت اشاعت : 05/03/2015 - 23:26:27