حارث سہیل کو میچ سے پہلے انجیکشن دینے کافیصلہ

جمعہ 6 مارچ 2015 22:49

حارث سہیل کو میچ سے پہلے انجیکشن دینے کافیصلہ

آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔6مارچ۔2015ء)ورلڈکپ 2015ءمیں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان اہم میچ ہفتہ کی صبح 6 بجے شروع ہو گا اور دونوں ٹیمیں اس کیلئے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ پاکستانی ٹیم کے متعدد کھلاڑی ورلڈکپ میں شمولیت سے قبل ہی انجری کا شکار ہو گئے تھے تاہم سکواڈ میں شامل محمد عرفان اور حارث سہیل کی انجری نے قومی ٹیم کی پوزیشن مزید خراب کر دی ہے اور کئی کھلاڑیوں کے فارم میں نہ ہونے کے باعث زخمی حارث سہیل کو ہی ٹیم میں شامل کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انجری کے باعث حارث سہیل کی ایڑی میں سوجن ہے جس کے باعث وہ صحیح طرح کھیلنے اور باﺅلنگ کرانے کے قابل نہیں ہیں اور وہ میچ سے قبل فٹ ہونے کی بھرپور کوشش میں ہیں جو ممکن نظر نہیں آتا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے سلیکٹرز اور کپتان نے مشاورت کے بعد حارث سہیل کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اگر ان کی انجری اور سوجن میں بہتری نہ آئی تو میچ سے قبل سوجن اور درد والے انجکشن دے کر انہیں میدان میں اتارا جائے گا۔

شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ اگرچہ حارث سہیل نے اب تک کے میچوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تاہم کسی زخمی کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ شکست کا باعث بن سکتا ہے کیونکہ کھلاڑی ناصرف خود اچھا کھیل پیش کرنے میں ناکام ہو سکتا ہے بلکہ دیگر کھلاڑیوں کی کارکردگی پر بھی اثرانداز ہو سکتا ہے

وقت اشاعت : 06/03/2015 - 22:49:34